پاکستانی نژاد بالی وڈ ایکٹر اور سنگر علی ظفر کی فلم ’کل دل‘ کی ریلیز کے دن جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، فلم کی نت نئے طریقوں سے پروموشن میں اتنی ہی تیزی آتی جا رہی ہے۔
بھارت کے تمام اہم اور بڑے ٹی وی شوز کے ذریعے14 نومبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’کل دل‘ کی بھرپور پروموشن کے بعد اب علی ظفر نے ممبئی کی دیواروں کو مختلف رنگوں سے سجانے کا کام بھی شروع کردیا ہے۔
پروموشن کے ان نئے طریقے میں فلم کی کاسٹ کے دو اہم ممبر رنویرسنگھ اور پری نیتی چوپڑا بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ پاکستان میں فلم کی پروموشن کرنے والے ادارے نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا ’علی ظفر پینٹ اور برش ہاتھ میں تھامے ممبئی کی سفید دیواروں پر ’کل دل‘ کے پوسٹرز بنانے میں مصروف ہیں۔
علی ظفر، پری نینی چوپڑا اور رنویر سنگھ کو ’دیواریں رنگتا ‘دیکھ کر ہزاروں کی بھیڑ اکھٹی ہوجاتی ہے۔ درمیان درمیان میں علی ظفر لوگوں سے بات چیت بھی کرتے جاتے ہیں۔ اسی طرح کی بات چیت میں انہوں نے اپنے مداحوں سے مختلف خیالات شیئر کئے۔
علی ظفر نے بتایا کہ ’میں نے اب تک جتنی بھی فلمیں کی ہیں ان میں ’کل دل‘ واحد ایسی فلم ہے جس میں میری ’لُک‘ سب سے منفرد نظر آئے گی۔ کل دل سے پہلے آپ نے مجھے ’مارا ماری‘ والے رول میں نہیں دیکھا ہوگا۔ مجھے امید ہے کہ میرایہ روپے بھی سب کو پسند آئے گا‘۔
علی ظفر کے ساتھ ساتھ رنویر سنگھ کا بھی یہی کہنا ہے کہ ’ہم سب کی یہ کوشش رہی ہے کہ فلم بینوں کو ایک اور ’ہٹ فلم‘ دیں، اس لئے فلم میں سب نے ملکر بہت محنت کی ہے۔ سب نے تن من سے اس کی کامیابی کے لئے ہر وہ کام کیا ہے جو فلم دیکھنے والوں کو اچھا لگے۔۔ اب تو بس اس کی ریلیز کا انتظار ہے۔‘
فلم میں ہدایات دی ہیں شاد علی نے جبکہ فلم کی کاسٹ میں گووندا بھی شامل ہیں۔ فلم 14 نومبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔