پاکستانی و بھارتی فلموں کے ایکٹر اور سنگر علی ظفر نے ماڈل، سنگر اور فنکار میشا شفیع کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔
پاکستان کی مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ہرجانے کا دعویٰ ہفتے کو لاہور ہائی کورٹ میں علی ظفر کے وکیل طارق رحیم نے دائر کیا ہے۔
دعوے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میشا شفیع نے جھوٹے الزامات لگا کر ان کی شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس سے ان کے خاندانی وقار کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
گزشتہ مہینوں میں علی ظفر نے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگانے پر گلوکارہ میشا شفیع سے قانونی نوٹس میں معافی کا مطالبہ کیا تھا جبکہ قانونی نوٹس میں کہا گیا تھا کہ میشا شفیع دو ہفتوں میں معافی مانگیں ورنہ 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔
میشا شفیع نے’ ٹوئٹر‘ پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کرتے کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی خاتون جنسی ہراساں کیے جانے سے محفوظ نہیں ہے. لیکن, ہم اس پر بات کرنے سے ہچکچاتے ہیں حالانکہ ہمیں اس کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔