الجزیرہ نیوز نیٹ ورک نے امریکہ میں اپنے کیبل چینل کو بند کرنے کا فیصلہ کیا اور اس 30 اپریل کو "الجزیرہ امریکہ" کی نشریات بند کردی جائیں گی۔
اگست 2013ء میں اس نے امریکہ میں اپنی نشریات کا آغاز کیا تھا لیکن یہ کیبل پر ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا جس کے بعد بالآخر اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
الجزیرہ امریکہ کے چیف ایگزیکٹو ال انسٹی نے ایک مراسلے میں کہا کہ چینل بند کرنے کا فیصلہ ان حقائق کی بنا پر کیا گیا کہ "معاشی چیلنجز کے تناظر میں یہ بزنس ماڈل قابل عمل نہیں رہا۔"
قطر میں قائم الجزیرہ نیٹ ورک نے 2013ء کے اوائل میں سابق نائب امریکی صدر ایلگور سے کیبل چینل "کرنٹ ٹی وی" پانچ کروڑ ڈالرز میں خرید کر امریکہ میں اپنی نشریات کا آغاز کیا تھا اور اسے یہاں مقبول عام سی این این اور فوکس نیوز سے کڑی مسابقت کا سامنا تھا۔
گو کہ الجزیرہ بہت سے صحافتی ایوارڈز بھی حاصل کر چکا ہے لیکن الجزیرہ امریکہ ناظرین کی پذیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ نیلسن ریٹنگ سروس کے مطابق گزشتہ سال رات کے اوقات تقریباً 34000 ناظرین یہ چینل دیکھتے تھے جب کہ دن میں یہ تعداد 24000 تک ہوتی تھی۔