رسائی کے لنکس

افغانستان: راکٹ حملے میں دو افراد ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں حکام نے کہا ہے کہ شدید لڑائی کے بعد طالبان کے زیر قبضہ ایک علاقے کو چھڑا لیا گیا ہے۔

افغانستان کے مشرقی صوبے میں طالبان کے ایک راکٹ حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صوبہ کنڑ کے گورنر وحید اللہ کلیمزئی نے کہا کہ راکٹ منگل کو فائر کیا گیا اور وہ صوبائی دارالحکومت اسدآباد میں ایک مارکیٹ پر گرا، جس سے محکمہ مواصلات کے دو ملازمین ہلاک ہو گئے۔

دریں اثنا افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں حکام نے کہا ہے کہ شدید لڑائی کے بعد طالبان کے زیر قبضہ ایک علاقے کو چھڑا لیا گیا ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق قندوز میں ضلع قلعہ ذال کو واپس لے لیا گیا ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں طالبان نے ایک بڑا حملہ کر کے قلعہ ذال پر قبضہ کر لیا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس نے پولیس حکام کے حوالے سے کہا کہ قلعہ ذال میں لڑائی اب بھی جاری ہے اور عہدیداروں کے مطابق طالبان نے اس ضلع میں بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں۔

قندوز کے نواح میں رواں ماہ طالبان اور افغان فورسز کے درمیان لڑائی ہوتی رہی ہے۔

طالبان کی طرف سے گزشتہ ماہ موسم بہار کے آغاز پر نئی کارروائی شروع کرنے کے اعلان کے بعد ملک میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں تیزی آئی۔

XS
SM
MD
LG