افغانستان کے مشرق میں منگل کو ایک خودکش بم حملے میں نیٹو افواج کے کم از کم چار اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک ہو گئے۔
مشرقی صوبے پروان کے ایک سینیئر پولیس افسر ضیاالرحمٰن سید خیلی کے مطابق حملے میں دس افغان شہری جب کہ دو افغان پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔
افغان پولیس کے مطابق بین الاقوامی اتحادی افواج (ایساف) اور افغان فورسز کی ایک ٹیم کے قریب سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے دھماکا کیا۔
تاہم بین الاقوامی اتحادی افواج ’ایساف‘ نے اپنے ایک الگ بیان میں کہا کہ اُس کے چار اہلکار ایک حملے میں ہلاک ہوئے ہیں.
اُدھر پراگ میں چیک جنرل اسٹاف کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاک والے چاروں فوجی چیک ریپبلک کے شہری تھے جب کہ ان زخمیوں میں بھی چیک شہری شامل ہے۔
طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں حالیہ مہینوں میں تیزی آئی ہے اور ایک ایسے وقت جب اس ملک سے غیر ملکی افواج رواں سال کے اواخر میں انخلا کی تیاریوں میں مصروف ہیں تشدد کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔