رسائی کے لنکس

اعلیٰ سطحی اجلاس، پاک افغان باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار


پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ اہل کاروں کا منگل کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں ملکوں نے موجودہ چیلنجوں سے کو عبور کرکے باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس ضمن میں اسٹوریج اور قرنطینہ کی منظوری کا لائحہ عمل طے کیا اور تازہ پھلوں، سبزیوں اور خشک میوہ جات کی منتخب مد میں محصول کے ضابطے ہٹانے کے معاملات زیر بحث آئے۔ اجلاس کا مقصد افغانستان سے پاکستان کے لیے برآمدات کو فروغ دینے میں سہولتیں فراہم کرنے کا اقدام کرنا ہے، جس بات کا اعلان وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے حالیہ دورہٴ افغانستان میں کیا تھا۔

دورے پر آئے ہوئے افغان اعلیٰ سطحی وفد کی سربراہی، معاون وزیر برائے کاروبار، مز کاملہ صدیقی کر رہی ہیں۔ وفد نے منگل کے روز اسلام آباد میں وزارت کامرس کے سکریٹری، محمد یونس داغا اور وزارت کے دیگر اہل کاروں سے ملاقات کی۔

پاکستانی وزارتِ کاروبار کے ایک پریس رلیز کے مطابق، مختلف سرحدی چوکیوں پر محکمہٴ پلانٹ پروٹیکشن کے اہل کاروں کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس سلسلے میں، قومی فوڈ سکیورٹی اور تحقیق کے وفاقی سکریٹری نے افغان وفد کو بتایا کہ ابتدائی طور پر چمن اور طورخم کی سرحد پر اہل کار تعینات کیے گئے ہیں، جب کہ بہت جلد دیگر سرحدی ’کراسنگز‘ پر بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس بات پر اتفاق ہوا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تنظیمی طریقہ کار کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، جس ضمن میں کہا گیا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ’افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ‘ سے متعلق رابطہ کار ادارے کا ساتویں اجلاس بلایا جائے، جس کا کافی مدت سے انتظار رہا ہے۔

ملاقات کے دوران خوراک اور تحقیق کی وفاقی وزارت کے سکریٹری فضل عباس مکین اور دیگر اعلیٰ اہل کار اور فیڈرل بورڈ آف روینیو اور دفتر خارجہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

افغان وفد میں زراعت، آبپاشی، لائیو اسٹاک کے معاون مشیر حمداللہ ہمدرد، بین الاقوامی تجارت اور وزارت کاروبار کے سربراہ میر سعید سعیدی؛ افغان چیمبر آف کامرس اور صنعت کے صدر، خان جان علی کوزئی؛ وزارت خزانہ کے معاون ڈائریکٹر آمدن نجیب اللہ وردک؛ وزارت امور خارجہ کے معاون ڈائریکٹر احمد شاکر قرار؛ کپاس کی کاشت کے ماہر ادریس رؤف؛ اور زراعت، انہار اور مال مویشی کے محکمہ جات کے اعلیٰ اہل کار میں شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG