افغان پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص پکڑا گیا ہے، جس کا ٹرک دھماکہ خیز مواد سے بھرا ہوا تھا، اور اس طرح دارالحکومت کو ایک بڑے بم دھماکے سے بچا لیا گیا ہے۔
جرائم کی چھان بین کے محکمے سے وابستہ کابل پولیس کے سربراہ، محمد سالم الماس نے اتوار کے روز ایک اخباری کانفرنس کو بتایا کہ ٹرک میں 2700 کلوگرام (تین ٹن) سے زائد وزنی دھماکہ خیز مواد رکھا ہوا تھا۔
اُنھوں نے بتایا کہ پولیس نے مشتبہ فرد کو رکنے کے لیے کہا، اور جب اُس نے بھاگنے کی کوشش کی تو گولی چلا کر اسے زخمی کر دیا۔
الماس نے بتایا ہے کہ حملے کے پیچھے طالبان سے منسلک حقانی نیٹ ورک کا ہاتھ ہے، جس کا مقصد شہر کے مصروف ترین علاقے میں دھماکہ کرکے زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانا تھا۔