افغان وزیر خارجہ زلمے رسول نے اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے منگل کو ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ان سے حال ہی میں اسلام آباد کے نواح میں گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے میں ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ زلمے رسول نے فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
مختصر سرکاری بیان کے مطابق حنا ربانی کھر نے زلمے رسول کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انھوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی سہولت کے مطابق دورے کی تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔
گزشتہ جمعہ کو نجی فضائی کمپنی بھوجا ائیر کا کراچی سے اسلام آباد آنے والا مسافر طیارہ ہوائی اڈے سے کچھ ہی فاصلے پر گر کر تباہ ہو گیا جس سے اس میں سوار تمام 127 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔