رسائی کے لنکس

نیٹو کے حملے میں چار شہری ہلاک: افغان حکام


طالبان نے ایک ہوائی اڈے کے قریب میزائل داغا جس کے بعد نیٹو کے ہیلی کاپٹروں نے ان پر فائرنگ کی۔ لیکن ان کے بقول فائرنگ سے ایک خاتون اور بچے سمیت چار عام شہری مارے گئے۔

افغانستان میں حکام نے کہا ہے کہ طالبان کے خلاف اتحادی افواج کے ایک حملے میں کم ازکم چار عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کے مطابق مغربی صوبہ ہرات کے گورنر کے ایک ترجمان رؤف احمدی نے منگل کو بتایا کہ یہ حملہ پیر کو رات دیر گئے ضلع شیندان میں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان نے ایک ہوائی اڈے کے قریب میزائل داغا جس کے بعد نیٹو کے ہیلی کاپٹروں نے ان پر فائرنگ کی۔ لیکن ان کے بقول فائرنگ سے ایک خاتون اور بچے سمیت چار عام شہری مارے گئے۔

ملک میں تعینات غیر ملکی اتحادی افواج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ انھیں اس حملے کا علم ہے لیکن اس کی تفصیلات بتائے بغیر نیٹو کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

"ںیٹو شہری ہلاکتوں کے الزامات کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے اور اس واقعے سے جڑے حقائق کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔"

افغانستان میں اتحادی افواج کے حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا معاملہ کئی برسوں سے صدر کرزئی کی حکومت اور امریکہ کے درمیان تناؤ کا باعث چلا رہا ہے۔

منگل کو ہرات میں لگ بھگ دو سو لوگوں نے مرنے والوں کی لاشیں اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اتحادی افواج کی طرف سے یہ کہا جاتا رہا ہے وہ شہری ہلاکتوں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں اور اس کے لیے مختلف اقدامات بھی کیے گئے۔

اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں برس کے پہلے چھ ماہ میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں 17 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

XS
SM
MD
LG