رسائی کے لنکس

افغانستان میں نیٹو کے چار فوجی ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

نیٹو نے کہا ہے کہ افغانستان میں سڑک میں نصب بموں کے الگ الگ دھماکوں میں اُس کے چار فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی فوجی اتحاد نےاتوارکوکابل میں ایک بیان میں بتایا ہےکہ طالبان باغیوں نے یہ کارروائیاں ایک روز قبل ملک کے جنوبی اور مشرقی حصوں میں کیں۔

بم دھماکوں کی مزید تفصیلات اوران کا ہدف بننے والےغیر ملکی فوجیوں کی شناخت کے بارے میں فوری طور پر مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ صوبہ ہلمند میں نہرِ سراج کے علاقے میں ہلاک ہونے والے فوجی کا تعلق برطانیہ سے ہے۔

ہفتہ کی شب برطانوی وزارت دفاع نےاعلان کیا تھا کہ اُس کا ایک فوجی جنوبی افغانستان میں گاڑی میں سفر کے دوران ہلاک ہوگیا۔

رواں ماہ افغانستان میں 33 غیر ملکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اس سال نیٹو فوج کی ہلاکتوں کی تعداد 165 ہو گئی ہے۔

امریکہ کی قیادت میں دس سال قبل افغانستان میں شروع ہونے والے فوجی آپریشن میں اب تک برطانیہ کے مجموعی طور پر 414 فوجی مارے جا چکے ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کی طرف سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز چار مشرقی صوبوں میں مشترکہ کارروائی کر کے چھ طالبان باغیوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تین دیگرعسکریت پسند اُس وقت ہلاک ہوگئے جب وہ ہلمند اور قندھار میں سڑک میں بارودی سرنگیں نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے مگر وہ وقت سے پہلے پھٹ گئیں۔

XS
SM
MD
LG