رسائی کے لنکس

طالبان نے افغان پولیس کے 8 اہل کار ہلاک کر دیئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پچھلے سال أفغان سیکیورٹی فورسز کو شورش پسندوں کے خلاف لڑائیوں میں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ امریکی فوج کی ایک رپورٹ کے مطابق ان لڑائیوں میں 7000 أفغان اہل کار ہلاک اور 11000 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

ایازگل

افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ چند دن پہلے ہتھیار ڈال کر سیکیورٹی فورس میں شامل ہونے والے طالبان نے مبینہ طور پر پولیس کے کم از کم 8 اہل کاروں کو ہلاک کر دیا ۔

قتل عام کا یہ واقعہ افغان صوبے فاریاب کے ضلع المار کی ایک سیکیورٹی چوکی پر پیش آیا۔

مقامی پولیس کے ترجمان کریم یوروش نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ قاتل چوکی سے فرار ہوتے ہوئے تمام ہتھیار اور گولا بارود بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

قتل کیے جانے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

خبروں کے مطابق طالبان عسکریت پسندوں نے پندرہ روز پہلے مقامی پولیس کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے۔ پولیس اہل کاروں کو قتل کرنے کے بعد وہ دوبارہ طالبان کی صفوں میں شامل ہو گئے ہیں۔

ضلعی سربراہ محمد صالح صالح نے ٹولو ٹی وی چینل کو بتایا کہ قاتلوں نے پولیس اہل کاروں پر گولیوں کی بوچھاڑ کرنے سے پہلے انہیں زہر دیا تھا۔

طالبان صوبہ فاریاب کے کئی اضلاع میں فعال ہیں اور حالیہ دنوں میں انہوں نے صوبے کے صدر مقام میمنہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی، جسے أفغان سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے انہیں قریبی علاقوں میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں کی جانب بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔

پچھلے سال أفغان سیکیورٹی فورسز کو شورش پسندوں کے خلاف لڑائیوں میں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ امریکی فوج کی ایک رپورٹ کے مطابق ان لڑائیوں میں 7000 أفغان اہل کار ہلاک اور 11000سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG