رسائی کے لنکس

ابوظہبی ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط، 281 رنز کی برتری


دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنر فخر زمان 66 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنر فخر زمان 66 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

بولرز اور بیٹسمینوں کی عمدہ کارکردگی کے باعث پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر 281 رنز کی سبقت لے لی، جبکہ اُس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ اظہر علی 64 اور حارث سہیل 17 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

دوسرے روز پاکستان کے 282 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے 137رنز کی برتری حاصل کرلی۔ محمد عباس نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے 20 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کو آگے بڑھایا۔ لیکن شان مارش زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف تین رنز پر محمد عباس کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے۔

ٹریوس ہیڈ کو بھی محمد عباس نے پویلین کی راہ دکھائی۔ وہ 14 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، مچل مارش کی اننگ کو یاسر شاہ نے صرف 13 رنز پر تمام کیا۔

صرف 75 رنز پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین شدید دباؤ کا شکار نظر آئے اور کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکا اور وکٹ گنواتا رہا۔ اسی گھبراہٹ میں لبوشانے 25 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

کپتان ٹم پین دبئی ٹیسٹ کی کارکردگی نہ دہرا سکے اور صرف تین رنز پر بلال آصف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، نیتھن لایون کو 2 رنز پر بلال آصف نے کلین بولڈ کیا۔

مچل اسٹارک نے پاکستانی بولرز کا اعتماد کے ساتھ سامنا کیا اور 34 رنز بنائے، وہ محمد عباس کی گیند پر ریویو کے بعد ایل بی ڈبلیو قرار دیئے گئے۔

یوں، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 50 اعشاریہ ایک اوور میں 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے پہلی اننگز میں 137 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

محمد عباس سب سے زیادہ کامیاب بولر رہے اور اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے صرف 33رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔ یہ تیسری مرتبہ ہے جب اُنہوں نے ٹیسٹ میچوں کی کسی بھی اننگز میں پانچ یا پانچ سے زائد وکٹیں لی ہیں۔

بلال آصف نے تین اور یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے میرحمزہ کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا، محمد حفیظ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور صرف 6 رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر ٹریوس ہیڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان نے اس اننگز میں بھی شاندار کھیل پیش کیا اور اظہر علی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 91 رنز بنائے، وہ 66 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے تھے ، اظہر علی 66 اور حارث سہیل 17رنز پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

آسٹریلیا کی طرف سے مچل اسٹارک اور نیتھن لایون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG