رسائی کے لنکس

بالی وڈ اداکار عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کا 15 برس بعد علیحدگی کا اعلان


رپورٹس کے مطابق دونوں کافی عرصے سے علیحدگی سے متعلق سوچ رہے تھے اور ان دونوں کے درمیان کچھ عرصے سے فاصلے آ گئے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے مشترکہ طور پر علیحدگی کے بارے میں فیصلہ کیا۔ (فائل فوٹو)
رپورٹس کے مطابق دونوں کافی عرصے سے علیحدگی سے متعلق سوچ رہے تھے اور ان دونوں کے درمیان کچھ عرصے سے فاصلے آ گئے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے مشترکہ طور پر علیحدگی کے بارے میں فیصلہ کیا۔ (فائل فوٹو)

بالی وڈ کے سپر اسٹار اور مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ نے شادی کے 15 برس بعد اپنی علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارت کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق دونوں کافی عرصے سے علیحدگی سے متعلق سوچ رہے تھے اور ان دونوں کے درمیان کچھ عرصے سے فاصلے آ گئے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے مشترکہ طور پر علیحدگی کے بارے میں فیصلہ کیا۔

عامر خان اور کرن راؤ کے جاری کردہ بیان میں جوڑے نے اپنے خاندان والوں اور دوستوں کی حمایت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان 15 خوب صورت برسوں میں انہوں نے زندگی بھر کے تجربات، خوشی اور مسکراہٹوں کو شیئر کیا ہے۔ ان کا رشتہ صرف اعتماد، احترام اور محبت میں پروان چڑھا۔

چھپن سالہ عامر خان اور 47 سالہ کرن راؤ کی ملاقات 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘لگان’ کے سیٹ پر ہوئی تھی جب کہ ان کی شادی 2005 میں ہوئی تھی۔

دسمبر 2011 میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام آزاد راؤ خان تھا۔

مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں ایک نئے باب کی شروعات کریں گے جو کہ میاں اور بیوی کے طور پر نہیں بلکہ اپنے بیٹے کے مشترکہ والدین اور خاندان کے طور پر ہوگا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی پرورش مشترکہ طور پر کریں گے۔

بیان کے مطابق وہ دونوں اپنی فاؤنڈیشن کے تحت فلموں کی مشترکہ پروڈکشن جاری رکھیں گے۔

انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ وہ اس رشتے کے آغاز کو سمجھنے پر اپنے خاندان والوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کے بغیر وہ یہ قدم نہیں اٹھا سکتے تھے۔

انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے اچھی تمناؤں کی امید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طلاق کو ایک رشتے کے خاتمے کے طور پر نہیں بلکہ ایک نئے سفر کے آغاز کے طور پر دیکھیں۔

عامر خان جو کہ سپر ہٹ فلموں جیسے قیامت سے قیامت تک، سرفروش، تھری ایڈیٹس، تلاش اور دنگل میں مرکزی کرداز ادا کر چکے ہیں۔ پہلے ان کی شادی رینا دتا سے ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا جنید خان اور بیٹی ایرا خان ہیں۔

عامر خان اپنی اگلی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ میں جلوہ گر ہوں گے جو کہ ٹام ہینکس کی فلم ‘فوریسٹ گمپ’ کا ری میک ہے۔

یہ فلم کرن راؤ نے پروڈیوس کی ہے جو عامر خان کی کامیاب فلموں دنگل اور سیکریٹ سپر اسٹار کے علاوہ بھی کئی دیگر فلموں کی بھی پروڈیوسر رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG