رسائی کے لنکس

عافیہ صدیقی صحت مند ہیں: ذرائع


’ ڈاکٹر صدّیقی معمول کے مطابق اپنے خاندان سے ٹیلی فون پر رابطے میں رہتی ہیں اور آخری دفعہ انہوں نے انّیس جون کو اپنے خاندان سے بات کی تھی‘

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے نے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے متعلق پاکستان میں گردش کرنے والی افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر صدیقی صحت مند ہیں ۔

بدھ کو جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہےکہ پاکستانی سفارت خانہ اور ٹیکساس میں پاکستانی قونصل خانہ جیل کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور جیل کے حکّام نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ڈاکٹر صدیقی بالکل ٹھیک ٹھاک ہیں۔

اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا ہےکہ ڈاکٹر صدّیقی معمول کے مطابق اپنے خاندان سے ٹیلی فون کے ذریعے رابطے میں رہتی ہیں اور آخری دفعہ انہوں نے 19جون کو اپنے خاندان سے بات کی تھی۔

پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستانی قونصل خانے کے اہلکاروں کے علاوہ ڈاکٹر صدّیقی کے بھائی بھی جیل میں ان سے مل چکے ہیں۔

ڈاکٹر صدّیقی کو نیویارک کی ایک عدالت نے86 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد وہ ٹیکساس کے قیدخانے ایف ایم سی کارزوال میں قید ہیں۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق ڈاکٹر صدیقی نےسنہ 2008 میں افغانستان میں کچھ امریکی فوجیوں پر گولیاں چلائی تھیں۔ اس کے علاوہ ان پر القاعدہ سےتعلق کے الزامات بھی لگتے رہے ہیں۔

ڈاکٹر صدیقی کا خاندان ان تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے جوابی الزام لگاتا ہے کہ ڈاکٹر صدیقی کو پاکستان سے ان کے تین بچوں سمیت امریکی ایجنسیوں کی ایماء پر اغوا کرکے قید میں رکھا گیا تھا اور ان پر تشدّد بھی کیا گیا۔

ڈاکٹر صدّیقی کی حراست اور مقدمے کا معاملہ پاک امریکہ تعلقات میں کشیدگی کی وجہ بنے تھے۔

XS
SM
MD
LG