رسائی کے لنکس

’چنائی ایکسپریس‘،’جب تک ہے جاں‘ سے آگے نکل گئی


’جب تک ہے جاں‘ بھارت سے باہر 600 سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی، ’چنائی ایکسپریس‘ 50 ملکوں کے 700 سینما ہالز میں ریلیز ہوگی

پچھلی دو دہائیوں سے ہندی سینما پر راج کرنے والے شاہ رخ خان کی شہرت کا سورج اب بھی اپنی پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے اور جس فلم کے کریڈٹس میں شاہ رخ کا نام ہو وہ باکس آفس پر ضرور کامیاب ہوتی ہے۔
سنہ 2012میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’جب تک ہے جاں‘ کے ذریعے بھی کنگ خان فلم بینوں کو سینما گھروں تک لانے میں کامیاب رہے اور فلم ہٹ ہو گئی۔ اور اب ایک بار پھر شاہ رخ دیپکا پڈکون کے ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں ’چنائی ایکسپریس‘ میں جس کی پروموشن میں شاہ رخ پوری ٹیم کے ساتھ زور وشور سے مصروف ہیں۔
بھارتی اخبار’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق شاہ رخ کی مقبولیت کو پوری طرح کیش کرانے کے لئے ’چنائی ایکسپریس‘ کے پروڈیوسرز نے اوورسیز کے 700سینما گھروں میں فلم کی نمائش کا اہتمام کیا ہے اور یوں ’جب تک ہے جاں‘ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جو بھارت سے باہر تقریباً 600 تھیڑز میں ریلیز کی گئی تھی۔
فلم ڈسٹری بیوشن اور پروڈکشن کمپنی یوٹی وی کا کہنا ہے کہ اووسیز مارکیٹ میں مڈ ٹرم چھٹیوں اور عید کی وجہ سے بہت رش ہے لیکن اس کے باوجود کمپنی فلم کے لئے زیادہ سے زیادہ اسکرینز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
فلم ایک ساتھ دنیا کے 50ملکوں میں ریلیز کی جائے گی اور ان میں پیرو، مراکش، جرمنی،سوئٹزر لینڈ، آسٹریا، فرانس اور اسرائیل جیسی غیر روایتی مارکیٹس بھی شامل ہیں۔
فلم ٹریڈ سے جڑے لوگوں کا کہنا ہے کہ کچھ ملک( مثلاًجرمنی)ایسے ہیں جہاں بالی وڈ کی فلمیں کبھی اچھا بزنس نہیں کرپاتیں لیکن شاہ رخ کی مقبولیت اور پسندیدگی کودیکھتے ہوئے پروڈکشن کمپنی نے ان ملکوں میں بھی قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ہے ۔
XS
SM
MD
LG