رسائی کے لنکس

 بیلجیم پہلی بار ہاکی کا عالمی چیمپئن بن گیا


بیلجیم کے کھلاڑی ٹرافی تھامے جیت کی خوشی مناتے ہوئے۔ 16 دسمبر 2018
بیلجیم کے کھلاڑی ٹرافی تھامے جیت کی خوشی مناتے ہوئے۔ 16 دسمبر 2018

ویب ڈیسک: ورلڈ کپ ہاکی 2018 کے فائنل میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بیلجیم تین مرتبہ کے چیمپئن نیدرلینڈز کو ہراکر پہلی بار عالمی چمپئن بن گیا، میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

بھارت کے شہر بھوبنیشور میں کھیلے گئے فائنل میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، بیلجیم نے نیدرلینڈز کا بھرپور سامنا کیا، دونوں طرف سے ایک دوسرے کے گول پر متعد حملے کئے گئے لیکن کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی اور مقررہ چار کوارٹرز تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو چھ، چھ پنالٹی شوٹ آؤٹ دی گئیں جس پر پانچ، پانچ شوٹ آؤٹ تک مقابلہ 2،2 سے برابر تھا لیکن آخری اور فیصلہ کن شوٹ آؤٹ پر بیلجیم نے گول کرکے میچ 3-2 سے جیت کر پہلی مرتبہ ورلڈ ہاکی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں چار مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور تینوں میں نیدرلینڈز نے کامیابی حاصل کی تھی۔

تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 8-1 سے شکست دی۔ انگلینڈ کا واحد گول بیری مڈلٹن نے کیا۔

ایونٹ میں مجموعی طورپر 157 گول اسکور کیے گئے، آسٹریلوی ٹیم نے سب سے زیادہ 29 گول بنائے۔

آسٹریلیا کے بلیک گوور اور بیلجیم کے الیگزینڈر ہینڈرکس سات، سات جبکہ ارجنٹینا کے گونزالو پیلٹ 6 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

اب تک کھیلے گئے 14ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان نے سب سے زیادہ چار، نیدرلینڈز اور آسٹریلیا نے تین، تین، جرمنی نے دو جبکہ بھارت اور بیلجیم نے ایک، ایک مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG