رسائی کے لنکس

طالبان سے لڑائی میں 15 افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دہراود ضلع کی پولیس کے سربراہ محمد نجیب نیازو نے بدھ کو کہا کہ یہ لڑائی منگل کو دیر گئے اس وقت ہوئی جب افغان سکیورٹی فورسز نے ایک اہم بند شاہراہ کو کھولنے کے لیے کارروائی کی۔

افغانستان میں عہدیدارو ں کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی صوبے اورزگان میں طالبان مزاحمت کاروں کے خلاف کی گئی ایک کارروائی کے دوران افغان سکیورٹی فورس کے 15 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ پریس‘ کے مطابق دہراود ضلع کی پولیس کے سربراہ محمد نجیب نیازو نے بدھ کو کہا کہ یہ لڑائی منگل کو دیر گئے اس وقت ہوئی جب افغان سکیورٹی فورسز نے ایک اہم بند شاہراہ کو کھولنے کے لیے کارروائی کی

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار روز سے طالبان عسکریت پسندوں نے دہراود اور صوبائی دارالحکومت ترین کوٹ کو ملانے والی شاہراہ بند کر رکھی تھی۔ تاہم انہوں نے کہا اس کارروائی کے بعد اب افغان فورسز نے اس شاہراہ کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ہے۔

تاہم ان کے پاس اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں کہ آیا اس کارروائی کے دوران کوئی طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوا یا نہیں۔

حالیہ کچھ عرصے سے طالبان نے اورزگان اور اس کے قربی صوبوں بشمول ہلمند میں اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور یہ علاقہ طالبان کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں سے ایک اور پوست کی کاشت کے لیے مشہور علاقہ ہے۔

یہاں منشیات کے کاروبار سے وابستہ افراد اور گروہ بھی سرگرم رہتے ہیں اور اکثر یہاں ہلاکت خیز واقعات اور جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG