امریکہ اور یوکرین میں معدنیات پر تاریخی معاہدہ متوقع
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی آج جمعے کو وائٹ ہاوس میں ملاقات کر رہے ہیں جس میں دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت میں معدنیات کا معاہدہ اور یوکرین جنگ کا خاتمہ اہم امور ہوں گے۔
صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ سے روس کی مستقبل کی کسی جارحیت کے خلاف امریکہ کی سکیوریٹی کی ضمانت چاہتے ہیں۔
ملاقات سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کل کہا تھا کہ امریکہ کے ساتھ یوکرین کامعدنیات کا معاہدہ ہی کیف کے لیے روس کے خلاف حفاظتی ضمانت ہے۔
صدر زیلنسکی کی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے لیے آمد
صدر زیلینسکی کا قافلہ وائٹ ہاس کے اند رآچکا ہے اور صدر ٹرمپ نے ہاتھ ملا کر ان کا استقبال کیا اور اب دونوں صدور اند جاچکے ہیں۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے دو اہم یورپی رینماؤں سے ملاقات کی ہے۔ کل برطانیہ کے وزیر اعظم اسٹارمر سے اور اس سے قبل فرانس کےرہنما سے ۔ دونوں سے بات چیت میں اہم موضوع یوکرین تھا۔
روس کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ کافی قریب ہے، اے ایف پی
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولودیمر زیلنسکی کو بتایا کہ روس کے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ قریب ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر نے وائٹ ہاوس میں یوکرین کے صدر سے کہا کہ روس کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ کافی قریب ہے۔
امریکہ اور یوکرین میں اقتصادی معاہدہ کیا ہو سکتا ہے؟
ماہرین کے مطابق یہ ایسا معاہدہ ہو گا جو آنے والے عرصے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط رکھے گا۔
'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی جانب سے دیکھے گئے ابتدائی اقتصادی معاہدے کے مطابق امریکہ اور یوکرین ایک مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ قائم کریں گے۔ یوکرین اپنے قدرتی وسائل اور معدنیات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 50 فی صد حصہ اس فنڈ کے لیے مختص کرے گا۔ اس فنڈ کے ذریعے جنگ سے تباہ حال یوکرین کی تعمیرِ نو بھی کی جائے گی۔