صدر زیلنسکی جب امن کے لیے تیار ہوں تو واپس آ سکتے ہیں: ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے صدر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد ٹرتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ زیلنسکی امن کے لیے تیار نہیں ہیں۔ جب وہ امن کے لیے تیار ہوں تو واپس آ سکتے ہیں‘
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ صدر زیلنسکی کے ساتھ ان کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات بامقصد رہی تاہم ان کے بقول "وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ زیلنسکی امن کے لیے تیار نہیں ہیں۔"
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ زیلنسکی محسوس کرتے ہیں کہ امریکہ کی شمولیت ان کو مذاکرات میں بڑا فائدہ پہنچاتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ فائدہ نہیں، بلکہ امن چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اس ملاقات کے حوالے سے یہ بھی کہا ہے کہ "صدر زیلنسکی نے امریکہ کے قابل احترام اوول آفس کا احترام نہیں کیا۔ جب وہ امن کے لیے تیار ہوں تو واپس آ سکتے ہیں‘
بائیڈن نے جنگ جاری رہنے دی، ہم ختم کرنا چاہتے ہیں: ٹرمپ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ یوکرین میں جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے جنگ کے خاتمے پر بات کی ہے ۔
صدر ٹرمپ یوکرین کے صدر زیلنسکی کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد صحافیوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔
"ہم چاہتے ہیں کہ یہ جنگ ختم ہو جائے،"ٹرمپ نے کہا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے جنگ کو جاری رہنے دیا۔"اگر میں صدر ہوتا تو یہ جنگ کبھی نہ ہوتی۔"
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین کے پاس جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی زیادہ کارڈز نہیں ہیں۔"میں زندگیا ں بچانا چاہتا ہوں۔ میں جنگ کا خاتمہ چاہتا ہوں۔"
صدر ٹرمپ نے مزیدکہا کہ دونوں ملک معدنیات کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ معدنیات کو کمپیوٹر بنانے میں استعمال کرے گا۔
لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑی کامیابی جنگ کا خاتمہ ہوگا۔
امریکہ اور یوکرین میں اقتصادی معاہدہ کیا ہو سکتا ہے؟
ماہرین کے مطابق یہ ایسا معاہدہ ہو گا جو آنے والے عرصے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط رکھے گا۔
'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی جانب سے دیکھے گئے ابتدائی اقتصادی معاہدے کے مطابق امریکہ اور یوکرین ایک مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ قائم کریں گے۔ یوکرین اپنے قدرتی وسائل اور معدنیات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 50 فی صد حصہ اس فنڈ کے لیے مختص کرے گا۔ اس فنڈ کے ذریعے جنگ سے تباہ حال یوکرین کی تعمیرِ نو بھی کی جائے گی۔
روس کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ کافی قریب ہے، اے ایف پی
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولودیمر زیلنسکی کو بتایا کہ روس کے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ قریب ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر نے وائٹ ہاوس میں یوکرین کے صدر سے کہا کہ روس کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ کافی قریب ہے۔