رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو شکست: 'وہ دن جو نمیبیا جلدی نہیں بھولے گا'


آئی سی سی ورلڈ کپ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نے نمیبیا کے کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ 'وہ دن جو نمیبیا جلدی نہیں بھولے گا۔'
آئی سی سی ورلڈ کپ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نے نمیبیا کے کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ 'وہ دن جو نمیبیا جلدی نہیں بھولے گا۔'

آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس کے افتتاحی میچ میں نمیبیا کی ٹیم نے اپ سیٹ کرتے ہوئے سری لنکا کو 55 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی ہے۔

جیلونگ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 163 رنز بنائے،۔ جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویسے نے چار اوورز میں صرف 16 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ برنارڈ شولز نے بھی چار اوورز میں 18 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ سری لنکا کی ٹیم نے گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ لیکن آئی سی سی رینکنگ میں پہلے آٹھ نمبرز پر نہ ہونے کے باعث اسے کوالی فائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑ رہا ہے۔

اس تاریخی کامیابی پر نمیبیا کی ٹیم کے کھلاڑی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نے نمیبیا کے کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ 'وہ دن جو نمیبیا جلدی نہیں بھولے گا۔'

جیولنگ میں ہی کھیلے گئے ایک اور سنسنی خیز میچ میں نیدرلینڈز نے متحدہ عرب امارات کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 111 رنز بنائے۔ نیدرلینڈز نے 112 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں آٹھ ٹیمیں سپر 12 مرحلے تک رسائی کے لیے آمنے سامنے ہیں جن میں سے چار کوالی فائی کریں گی۔ سری لنکا، ویسٹ انڈیز، متحدہ عرب امارات، آئر لینڈ، نمیبیا، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کوالی فائنگ راؤنڈ کھیل رہی ہیں۔

پہلے مرحلے کا اختتام 21 اکتوبر کو ہو گا جب کہ سپر 12 مرحلہ 22 اکتوبر سے شروع ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 23 اکتوبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG