رسائی کے لنکس

نیو یارک میں وزیر اعظم شریف کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور بل گیٹس سے ملاقاتیں، اہم امور پر گفتگو


وزیر اعظم شریف کی امریکہ کے ماحولیات کے خصوصی ایلچی جان کیری سے ملاقات
وزیر اعظم شریف کی امریکہ کے ماحولیات کے خصوصی ایلچی جان کیری سے ملاقات

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیو یارک میں ہیں، جمعرات کے روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور بل اینڈمیلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرپرسن بل گیٹس سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دیگر مسائل کے علاوہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

سیکریٹری جنرل انٹونیو گوئتریس کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر اعظم نے سیکریٹری جنرل کے پاکستان کے بروقت دورے کو سراہا جس میں گوئتریس نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے سبب آنے والے مہلک سیلابوں کے نتیجے میں ہونے والی خوفناک تباہی پر پاکستان کے ساتھ گہری یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔

شہباز شریف نے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے عالمی سطح پر کوششوں کو آگے بڑھانے پر سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

جواب میں سیکریٹری جنرل نے وعدہ کیا کہ وہ پاکستان کے لئے مدد اور حمایت کو آگے بڑھانے کے لئے جو کچھ بھی کر سکتے ہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری سے بھرپور امداد کا حق دار ہے۔

وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کی صورت حال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سیکریٹری جنرل، جموں وکشمیر کے مسئلے کے کسی پر امن حل کےلئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں گے۔

سیکریٹری جنرل انٹونیو گوئتریس نے وزیر اعظم شریف کے ساتھ اس میٹنگ میں ،اقوام متحدہ کےکام کی حمایت کے لئے پاکستان کو سراہا، جس میں امن کے لئے کی جانے والی کاروائیؐاں شامل ہیں۔

بل گیٹس کے ساتھ ملاقات میں شہباز شریف نے انہیں سیلاب اور اس کے اثرات کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا، جس سے تین کروڑ تیس لاکھ کے قریب لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔

بل گیٹس نے سیلاب کے بعد لوگوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کڑے وقت میں فاؤنڈیشن کی جانب سے مسلسل مدد و حمایت اور پاکستان کے ساتھ شراکت قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بل گیٹس کے ساتھ وزیراعظم کی ،پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں اور بنیادی طبی سہولتوں کے موضوع پر بھی بات ہوئی۔ر وزیر اعظم نےپولیو کے خاتمے کی مہم جاری رکھنے کے حکومت کے عزم کو دہرایااور مسٹر گیٹس نے اس مہم میں تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

XS
SM
MD
LG