رسائی کے لنکس

گن کنٹرول کیسے ہو؟ ڈیموکریٹ اور ری پبلکن گورنروں کی سوچ یکسر مختلف


ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے، پنسلوانیا کے گورنر، ٹام ولف (فائل فوٹو)
ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے، پنسلوانیا کے گورنر، ٹام ولف (فائل فوٹو)

ٹیکساس کے ایلیمنٹری اسکول میں شوٹنگ کے واقعےکے پیش نظر، جس میں 19 طالب علم اور دو استاد ہلاک ہوئے، امریکی ریاستوں کے گورنراس طرح کی صورت حال سے نمٹنے کے سلسلے میں مختلف قسم کی رائے رکھتے ہیں۔ڈیموکریٹس گن کنٹرول سے متعلق سخت پابندیاں عائد کرنے کے مطالبے پر شدت کے ساتھ آواز بلند کررہے ہیں، جس کے برعکس، ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد گورنراسکولوں میں سیکیورٹی کی نئی تدابیر اختیار کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

منگل کو ٹیکساس میں اسکول پر ہونے والے اس واقعہ کے بعد ایسو سی ایٹڈ پریس نے گورنروں کی رائے پر مبنی ایک عام جائزہ رپورٹ تیار کی ہے۔

رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر عام طور پر اس رائے کے حامی ہیں کہ ہتھیاروں کی میگزین کی حد 10 کارتوس مقرر کی جائے، ساتھ ہی 21 برس سے کم عمر افراد پر نیم خودکار اسلحہ خریدنے پر ممانعت ہونی چاہیے۔ کسی بھی ڈیموکریٹک گورنر نے یہ نہیں کہا کہ اساتذہ کو مسلح کیا جائے، لیکن ری پبلیکن گورنروں نے اسکولوں کی سیکیورٹی کا دائرہ وسیع تر کرنےکے اقدامات کی حمایت کی ہے۔

ٹیکساس ایلیمنٹری اسکول کی شوٹنگ کے واقعہ کا سوگ ابھی جاری ہے۔ لیکن دونوں سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے گورنر اس بات پر منقسم ہیں کہ کانگریس کیا اقدام کرسکتی ہے، جب کہ ملک کی مختلف ریاستوں کی دارالحکومتیں ہتھیاروں کے استعمال سے منسلک شوٹنگ کے واقعات میں بڑے پیمانے پر جانیں ضائع ہونے کے سوال پر کسی ایک حل پر اتفاق نہیں کرتیں۔ یہ سیاسی تفریق ملک کی جڑوں تک سرایت کر چکی ہے، جس سے عام زندگی، آزادی اور آئینی حقوق کے معاملوں پر، جن امور پر قوم کےبانی ملک کی رہنمائی کر چکے ہیں، اس وقت رائے عامہ میں تناؤ کی سی کیفیت پائی جاتی ہے۔

ریاست ٹیکساس کے شہر یووالڈی کے روب ایلیمنٹری اسکول کے قتل عام کےواقعے کے بارے میں ایسو سی ایٹڈ پریس نے ملک بھر کے گورنروں سے رابطہ کرکے یہ معلوم کرنا چاہا کہ اسلحے کے استعمال سے ہونے والی ہلاکتوں میں کمی لانے کی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے ان کی رائے میں اس کا کیا حل ہوسکتا ہے۔ نصف گورنروں نے اس سوال کا جواب دیا۔ اس بات پر تو سبھی متفق نظر آئے کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ اس کا کوئی حل تلاش کیا جائے۔ ڈیموکریٹ اور ری پبلیکن دونوں نے ہی ذہنی صحت کی دیکھ بھال اور علاج سے متعلق اداروں پر سرمایہ کاری اور تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کی حمایت کی ، تاکہ تشدد کی ایسی ہولناک کارروائیوں کے اثرات سے نبردآزما ہوا جا سکے۔ لیکن، اتفاق رائے اسی بات پر ختم ہوجاتا ہے۔

کیا امریکہ میں اسلحے کے قوانین سخت کیے جا سکیں گے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:30 0:00

یہ سوال آیا 21 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کو نیم خود کار ہتھیار خریدنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور کیا ان پر 10 کارتوس کی ایک میگزین کی حد لاگو کی جائے؟ متعدد ڈیموکریٹ گورنر اس سے متفق ہیں۔

کنیٹی کٹ کے ڈیموکریٹک پارٹی کے گورنر، نیڈ لموں کے الفاظ میں ''اگر آپ گن کے معاملے پر سنجیدہ نہیں ہیں، توپھر آپ جرائم کی روک تھام میں سچے نہیں ہیں۔ میرے خیال میں یہ بات آج کے حقائق کے اعتبار سے پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے''۔ ایک عشرہ قبل، کنیٹی کٹ میں واقع سینڈی ہوک ایلیمنٹری اسکول میں شوٹنگ کے ایک واقعے میں 20 طالب علم اور چھ دیگر افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ریاست پنسلوانیا کے گورنر، ٹام ولف نے کہا ہےکہ وہ ان دونوں ہی تجاویز پر عمل درآمد پر یقین رکھتے ہیں ، یعنی کم کارتوس والی گن اور کم عمر افراد کے لیے نیم خودکار ہتھیار خریدنے پر پابندی عائد کرنا۔ انھوں نے جمعے کے دن فلاڈیلفیا میں گن کنٹرول کے حامیوں کے احتجاجی جلوس میں شرکت کی، جس میں مظاہرین نے ان کی ریاست کے ری پبلیکن قانون سازوں کی جانب سے گن کنٹرول کی قانون سازی کی منظوری کے خلاف اختیار کردہ موقف کی مذمت کی۔

ولف نے کہا کہ یہ لوگ گن لابی کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے، اوروہ اپنے بچوں کو ہلاکت سے نہیں بچانا چاہتے۔

ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنروں میں سے ورمونٹ کے گورنر، فل اسکوٹ نے گن کنٹرول کی کوششوں کی حمایت کی۔ اسکوٹ نے 2018ء کے قانون پر دستخط کیے تھے جس میں کارتوس کی میگزین 10شاٹس تک محدود کرنا اور 21 برس سے کم عمر کےافراد کے لیے نیم خودکار بندوق خریدنے کی ممانعت شامل ہے، ماسوائے 18 سے 20 سال عمر کے ان نوجوانوں کے جو اسلحے کے تحفظ سے متعلق کورس کی تربیت لے رہے ہوں۔

دیگر ری پبلیکن گورنروں نے گن کنٹرول کے اقدامات سے متعلق اے پی کے پیش کردہ ان سوالات کے جواب دینے سے احتراز کیا یا پھر اپنی مخالفت کا اظہار کیا۔ الاسکا کے گورنر، مائیک ڈنلیوی نے ان دونوں تجاویز سے کھل کر اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا دیے گئے آئینی حقوق کے انحراف کے مترادف ہوگا۔

ڈنلیوی نے کہا کہ ''سخت گن کنٹرول قوانین مسئلے کا حل نہیں ہوں گے۔ اس کے برعکس ہمیں اپنی کمیونٹیز میں ذہنی صحت کے معاملے پر زور دینا ہوگا''۔

اوہائیو کے گورنر مائیک ڈی وائن نے کہا کہ وہ گن کنٹرول کی تجاویز کی توثیق نہیں کرتے، چونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ری پبلیکن پارٹی کے اکثریت والے ایوان میں انھیں منظور نہیں کیا جاسکتا۔ برعکس اس کے، ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر نے کہا کہ اسکولوں کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اسکولوں کے سیکیورٹی کے نظام پر اضافی رقوم خرچ کی جائیں۔ انھوں نے یہ بات واضح نہیں کہ ان کی مراد کس قسم کے مخصوص سیکیورٹی اقدامات سے ہے۔

ہیوسٹن میں جمعے کے روز 'نیشنل رائفل ایسو سی ایشن' کے کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے، ساؤتھ ڈکوٹا کے ری پبلیکن گورنر، کرسٹی نوم نے گن کنٹرول کے مطالبات کو ''بیکار'' کہہ کر اس کی مذمت کی، اور اسکولوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی تائید کی۔ بقول ان کے''ہم اپنے بینکوں، اسٹوروں اور مشہور شخصیات کی حفاظت کے لیے تو مسلح محافظ رکھتے ہیں، لیکن بچوں کے لیے یہ نہیں کرسکتے؟ کیا وہ ہمارا اصل سرمایہ نہیں ہیں؟''۔

آئیووا کے ری پبلیکن گورنر، کم رینالڈز نے جمعے کے روز اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسکولوں کےتحفظ کے لیے مختلف قسم کے اقدامات کی حمایت کی۔

انڈیانا کے گورنر، ایرک ہالکومب نے گن اونرشپ پر قدغن لاگو کرنے کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ منفرد مسائل پر دھیان مرکوز کرنےسے متعلق حل تلاش کیا جاسکتا ہے، جس کے لیے اسکولوں کی سیکیورٹی میں بہتری لانا ہوگی۔

ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر نے کہا کہ یوں کہیے کہ جب بچے کلاس روم میں ہوں تو باہر سیکیورٹی کا نظام سخت ترین ہونا چاہیے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے چند گورنرز نے خصوصی تربیت یافتہ پولیس کا نظام وضع کرنے کی حمایت کی، جس نظام کو وہ 'اسکول رسورس آفیسرز' کا نام دیتے ہیں یا اسکول کی عمارتوں کی سیکیورٹی میں بہتری لانا قرار دیتے ہیں۔ لیکن کسی بھی ڈیموکریٹ گورنر نے اے پی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے، اسکولوں کے عملے کو مسلح کرنے یا حملوں کو روکنے کی ذمہ داری اسکول کے عملے کو دینے کی حمایت نہیں کی۔

وسکانسن سے تعلق رکھنےوالے ڈیموکریٹ گورنر، ٹونی ایورز ، جو سابق استاد، اسکول سپرینڈنڈنٹ اور اسٹیٹ ایجوکیشن چیف رہ چکے ہیں، کہا ہے کہ استادوں کو مسلح کرنے کے نتیجے میں ایک خطرناک ماحول پیدا ہوجائے گا؛ جب کہ اسکول کی ہر عمارت میں سیکیورٹی کے اضافی محافظ یا پولیس تعینات کرنا غیر مؤثر اور نقصان دہ اقدام ہوگا ۔

(خبر کا مواد ایسو سی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG