رسائی کے لنکس

امریکہ کی وزیرِ اعظم شہباز شریف کو مبارک باد، نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا عزم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے پاکستان کے نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ واشنگٹن اسلام آباد حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاکستان امریکہ کا اہم شراکت دار رہا ہے اور ہم اس تعلق کو اہمیت دیتے ہیں۔

امریکہ کی جانب سے شہباز شریف کو ایسے موقع پر مبارک باد کا پیغام بھیجا گیا ہے جب سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے امریکہ پر تواتر سے الزامات لگائے گئے کہ ان کی حکومت گرانے کی سازش امریکہ نے کی ہے جس کے آلہ کار مقامی لوگ بنیں ہیں۔

تاہم امریکہ نے بارہا ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ عمران خان کے بیانات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اپنے بیان میں پاکستان کے نئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

اینٹنی بلنکن نے مزید کہا کہ امریکہ مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو دیکھتا ہے جو دونوں ملکوں کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

واضح رہے کہ نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کو عالمی رہنماؤں کی جانب سے عہدہ سنبھالنے پر مبارک بادوں کاسلسلہ جاری ہے۔ اب تک برطانیہ، چین، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ترکی اور روس کی جانب سے وزیرِ اعظم پاکستان کو مبارک باد دی جا چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG