رسائی کے لنکس

ریاست ورجینیا میں ری پبلکن اور نیو جرسی میں ڈیموکریٹک امیدوار گورنر منتخب


منتخب گورنر، گلین ینگ کن انتخاب جیتنے کے بعدخوشی مناتے ہوئے۔
منتخب گورنر، گلین ینگ کن انتخاب جیتنے کے بعدخوشی مناتے ہوئے۔

امریکہ کی ریاست ورجینیا میں منگل کے روز ہونے والے انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار گلین ینگ کن ڈیموکریٹ پارٹی کے مد مقابل امیدوار ٹیری میکالف کو ہرا کر گورنر منتخب ہوگئے ہیں۔ ٹیری میکالف ریاست کے سابق گورنر تھے۔

گلین ینگ کن کو 50.7 فی صد جب کہ میکالف کو 48.6 فی صد ووٹ پڑے۔

ینگ کن کے علاوہ ریاست ورجینیا میں اٹارنی جنرل اور لیفٹیننٹ گورنر کی نشستیں بھی ری پبلکنز نے جیت لی ہیں۔ اس طرح، آئندہ سال کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کو مشکل پیش آسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ورجینیا کے انتخابی نتائج وسط مدتی انتخابات کے نتائج پر اثرات مرتب کر سکتے ہیں،جو ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے لمحہ فکریہ ہو سکتا ہے ، کیونکہ اس ریاست میں کئی سالوں سے ڈیموکریٹس کو فوقیت حاصل رہی ہے۔ اور یوں، ایسی ریاست میں ری پبلیکنز کی فتح ایک نئے ٹرینڈ کا اشارہ ثابت ہو سکتی ہے۔

ایک کنزرویٹو ری پبلکن اور سیاہ فام خاتون امیدوار، ونسم سیئرز لیفٹیننٹ گورنر منتخب ہو گئی ہیں۔ ساتھ ہی اٹارنی جنرل کی سیٹ بھی ری پبلکن پارٹی کے جیسن میارس نے جیت لی ہے۔

حالانکہ انتخابی مہم کے دوران، ینگ کن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دوری اختیار کر رکھی تھی، سابق صدر ٹرمپ نے ریاست ورجینیا میں ریپبلکن پارٹی کی فتح کا سہرا اپنے سر باندھا ہے۔ سابق صدر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ینگ کن کی کامیابی 'میک امریکہ گریٹ اگین' کے نعرے کی کامیابی ہے۔

دوسری جانب، نیوجرسی کی ریاست میں منگل کو گورنر کے عہدے کے لیے انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کے فِل مرفی ایک انتہائی کم مارجن کے ساتھ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار جیک سیاٹریلی کے مقابلے میں گورنر کا انتخاب جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ عام خیال تھا کہ مرفی کی جیت یقینی ہے۔ لیکن مرفی کو اپنے مدمقابل ریپبلکن امیدوار کے مقابلے میں انتہائی کم ووٹوں سے سبقت حاصل ہوئی ہے۔

گزشتہ سال نومبر کے قومی صدارتی انتخابات میں صدر جو بائیڈن نے ریاست ورجینیا سے 10 فی صد پوائنٹس اور ریاست نیو جرسی سے 15 فیصد پوائنٹس سے زیادہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ لیکن ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق انتخابی نتائج واضح کرتے ہیں کہ نصف سے زائد امریکی ووٹر بائیڈن انتطامیہ کی حکومت کی ابتدائی چند ماہ کی کارکردگی کو تسلی بخش نہیں سمجھتے اور ڈیمو کریٹک پارٹی کو وسط مدتی انتخابات میں موافق نتائج کے لئے زیادہ محنت کرنا ہوگی۔

صدر بائیڈن نے بدھ کے روز وائٹ ہاوس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیمو کریٹس کو امریکی عوام کے لئے "نتیجہ خیز کارکردگی" دکھانی ہوگی۔

ریاست ورجینیا میں گورنر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ٹیری میکالف نے اپنے حامیوں سے کامیابی کی خوشی مناتے ہوئے کہا کہ "یہ (ریاست) ورجینیا کا متحد ہونے کا وہ جذبہ ہے، جو پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا"۔

XS
SM
MD
LG