رسائی کے لنکس

برازیل: مرد و خواتین فٹ بالرز کو یکساں تنخواہیں ملیں گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

برازیل کی فٹ بال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے مرد اورخواتین فٹ بالرز کو یکساں تنخواہیں اور مراعات دینے کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی ایک رپورٹ کے مطابق فیڈریشن کی جانب سے یہ اعلان بدھ کو کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کے چند دیگر ممالک میں بھی مردوں اور خواتین کھلاڑیوں کو یکساں تنخواہیں دی جاتی ہیں۔

فیڈریشن کے صدر روجریو کابو کلو کا کہنا ہے کہ اب خواتین کو بھی اتنی ہی انعامی رقم اور مراعات دی جائیں گی جتنی کہ مردوں کو دی جاتی ہیں۔

مراعات میں اضافے کے بعد خاتون کھلاڑی مارٹا فارمیگا عالمی شہرت یافتہ برازیلین فٹبالر نیمار کے مساوی تنخواہ وصول کریں گی۔

آسٹریلیا، ناروے اور نیوزی لینڈ میں بھی مرد اور خواتین کو مساوی تنخواہیں اور مراعات دی جاتی ہیں۔

مارچ 2019 میں ورلڈ چیمپئن امریکی خواتین فٹ بال ٹیم نے تنخواہوں اور مراعات کے معاملے پر امتیازی سلوک کا الزام لگاتے ہوئے عدالت میں دعویٰ دائر کیا تھا۔

رواں سال مئی میں عدالت نے یہ کیس خارج کر دیا تھا، تاہم ٹیم نے اس کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔

برازیلین حکام کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق اگلے سال ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک مقابلوں اور خواتین کے آئندہ ورلڈ کپ میں بھی ہو گا۔

برازیلین فٹ بال فیڈریشن کے مطابق یہ اضافہ فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

برازیل میں فٹ بال مقبول ترین کھیل ہے اور ملک میں اس کے 36 کے لگ بھگ پروفیشنل کلبز ہیں۔

مردوں کی فٹ بال ٹیم اب تک پانچ مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکی ہے جب کہ خواتین ٹیم کی کارکردگی بھی شاندار رہی ہے۔

برازیل کی خواتین فٹ بال ٹیم نے 2007 کے عالمی کپ کے فائنل تک رسائی کے علاوہ 2004 اور 2008 کے اولمپک مقابلوں کا فائنل کھیلا تھا۔

تاہم کلب فٹ بال کی سطح پر نہ صرف برازیل میں بلکہ پوری دنیا میں مردوں اور خواتین فٹ بالرز کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں بہت زیادہ فرق تھا۔

XS
SM
MD
LG