رسائی کے لنکس

فلم ”ایک تھا ٹائیگر “کی پروموشن پر پاکستان میں پابندی


پیمراحکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک کہ فلم کو’ سینٹرل بورڈ آف فلم سنسرز‘ سے این او سی نہ مل جائے۔

پاکستان میں ڈائریکٹر کبیر خان اور اداکار سلمان خان کی فلم ” ایک تھا ٹائیگر “کے پروموشن پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام کیبل آپریٹرز اور سیٹیلائٹ ٹی وی چینلز کو فلم ”ایک تھا ٹائیگر“ کے پرومو زچلانے یا فلم کا ریویو پیش نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

پیمراحکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک کہ فلم کو’ سینٹرل بورڈ آف فلم سنسرز‘ سے این او سی نہ مل جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فلم میں پاکستان کے خفیہ ادارے کو برابھلاکہا گیا ہے لہذا وہ ملک میں اس فلم کے پروموشن کی اجازت نہیں دے سکتے ۔

اس خبر کے فوری بعد سلمان خان اور کبیر خان نے پاکستان آنے کافیصلہ کرلیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام کو ضرور کوئی غلط فہمی ہوئی ہے’۔’ایک تھا ٹائیگر“ میں کچھ بھی ایسا نہیں ہے جو پاکستانی سرکار یا وہاں کے خفیہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچائے۔

کبیر خان نے سوشل ویب سائٹ ’ٹوئیٹر ‘پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ․․․میں پھر یہی کہوں گا کہ” ایک تھا ٹائیگر“ پاکستان مخالف نہیں ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس دور میں کسی بھی ملک یا کسی بھی کمیونٹی کے خلاف فلم بنانا سراسر حماقت ہوگی۔

فلم ”ایک تھا ٹائیگر “یش راج فلمز کی پروڈکشن ہے جبکہ اس کی کاسٹ میں سلمان خان اور کترینا کیف شامل ہیں ۔
فلم 15اگست کوریلیز ہوگی۔
XS
SM
MD
LG