رسائی کے لنکس

ٹوکیو: ہلری، حنا ربانی کھرملاقات


اتوار کو ہونے والی اِس ملاقات میں افغانستان کو مستحکم بنانے، پاکستان کی معاشی ترّقی وتعلیم کا فروغ ، علاقے میں امن و استحکام پیدا کرنے اور باہمی تعاون کے تمام موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بھی بات چیت متوقع ہے: ترجمان محکمہٴ خارجہ

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اتوار کو ٹوکیو میں پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربّانی کھر سے ملاقات کریں گی۔

افغانستان کے معاشی مستقبل کےبارے میں ہونے والی اس کانفرنس کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کی دو طرفہ ملاقات میں سات ماہ سےکشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے پر بات ہوگی۔

امریکی محکمہٴ خارجہ کی ترجمان نیّرہ حق نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’’یہ بہت اہم ڈائیلاگ ہوگا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون کے سلسلے میں معاملات کوحل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔”


اس ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو مستحکم بنانے سے لے کر پاکستان میں معاشی ترّقی اور پاکستان کے عوام میں تعلیم کے فروغ سے لے کر علاقے میں امن و استحکام پیدا کرنے تک باہمی تعاون کے تمام موضوعات زیر بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بھی اس ملاقات میں بات چیت متوقع ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کا فیصلہ امریکی وزیر خارجہ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اُنھوں نے 24 پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر معذرت اور اظہارِ افسوس کیا ہے اور جس کے بعد پاکستان نے سات ماہ سے بند نیٹو کی سپلائی لائنز کھول دی ہیں۔

سلالہ کے واقعے پر معذرت کے بعد دونوں اعلیٰ ترین سفارت کاروں کی یہ پہلی ملاقات ہوگی


افغانستان پر اس کانفرنس میں دنیا بھرکے 70 سے زائد ممالک اور تنظیموں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں اور اس میں سنہ2014 میں بین الاقوامی فوجوں کے افغانستان سےانخلا کے بعد ملک کے معاشی استحکام کو ممکن بنانے کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG