واشنگٹن میں لکڑی پرکندہ کاری کی نمائش

واشنگٹن میں لکڑی پرکندہ کاری کی نمائش

ان دنوں امریکی دارلحکومت واشنگٹن کے سمیتھ سونین میوزیم میں لکڑی کو تراشیدہ نمونوں اور اس پر کی گئی کندہ کاری کی نمائش ہورہی ہے۔ یہ فن پارے امریکی ہنرمندوں کی مہارت کی ایک تصویر پیش کرتے ہیں۔

لکڑی سے بنائے گئے آرٹ کے نمونے کئی دہائیوں سے امریکی فنون کا حصہ ہیں ۔ ایلیوٹ فیلڈمین جیسے ہنرمند لکڑی سے گھر کے استعمال کی عام چیزیں بھی بناتے ہیں جنھیں عام طور پر خراد مشین پر بنایا جاتا ہے۔

لیکن گزشتہ چالیس سالوں سے کچھ جدت پسند ہنرمندوں نے اس خراد مشین پر عام چیزیں بنانے کی بجائے، انھیں تراش خراش کر ایسی چیزیں بنانی شروع کیں جو آرٹ کے نمونے دکھائی دیں۔

واشنگٹن کی سمتھ سونین میوزیم کی رینوک گیلری میں ایسے ہی 60 نمو نے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں جنھیں امریکہ کے بہترین ہنرمندوں نے تیار کیا ہے۔

نمائش کے منتظم نکولس بیل کاکہنا ہے کہ یہ نمائش لکڑی کے آرٹ میں آنے والی جدت کا اظہار ہے۔

نمائش میں رکھے گئے نمونے فلیور بریسلر اور ان کے شوہر چارلز نے عطیہ کیے ہیں ۔ انہیں لکڑی کے فن پارے جمع کرنے کا شوق ہے ۔ بریسلر کا کہنا ہے کہ انھیں اس فن میں دلچسپی اسی گیلری میں کئی سال پہلے اسی طرح کی ایک نمائش دیکھ کر پیدا ہوئی۔

نکولس نے بتایا کہ اس نمائش میں پیش کیے گئے نمونے مختلف اقسام کی قیمتی لکڑی سے تیار کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افریقہ کی سیاہ لکڑی کے علاوہ ان فن پاروں میں گلابی اور آبنوسی لکڑی اور مقامی صنوبر، شا بلوط ، میپل، چیری اور دوسری رنگا رنگ قسم کی لکڑیاں استعمال کی گئی ہیں۔

بریسلر کا کہنا ہے کہ پچھلے 20 برسوں میں خراد مشین کی بجائے ہاتھ سے کندہ کاری اور تراشنے کا فن پروان چڑھا ہے۔ انھیں امید ہے کہ ان کے جمع کیے ہوئے ان نمونوں سے نئی نسل کو اس فن میں دلچسپی پیدا ہو گی ۔