ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی

ویسٹ انڈیز کی وومن کرکٹ ٹیم ، فائل فوٹو

ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں مہمان ٹیم کراچی میں تین ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تینوں میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں 31 جنوری، یکم اور 3 فروری کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد دونوں ٹیمیں دبئی جائیں گی جہاں 7، 9 اور 11 فروری کو تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلا میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ باقی دو میچز آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے جائیں گے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جانی گریو کا کہنا ہے کہ اپریل 2018ء میں مردوں کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران کامیاب میزبانی کے بعد ہم نے پی سی بی کو تصدیق کر دی ہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کراچی میں تین ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔

گریو کا مزید کہنا ہے کہ خواتین کی ٹیم کو بھی ایسی ہی سیکورٹی دی جائے گی جیسی گزشتہ برس مردوں کی ٹیم کو دی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف پر واضح کر دیا ہے کہ اگر کسی کو دورے سے متعلق ذاتی طور پر کوئی تحفظات ہیں تو ہم اُن کے موقف کو بھرپور طریقے سمجھتے ہیں۔

پی سی بی وومن ونگ کی جنرل منیجر عائشہ اشہر کا کہنا ہےکہ ہمیں خوشی ہے ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہےجو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے اچھا اقدام ہے۔