پاکستان ڈھیر، ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں پہنچ گیا

(فائل فوٹو)

پاکستان ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
بنگلہ دیش میں جاری 'ورلڈ ٹی20' کے آخری گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز پاکستان کو 84 رنز سے بآسانی شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ جب کہ پاکستان ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

منگل کو میر پور میں کھیلے جانے والے 'گروپ – 2' کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے۔

جواباً پاکستان کی بیٹنگ لائن ویسٹ انڈین بالرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 5ء17 اوورز میں صرف 82 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ میچ کی پہلی ہی گیند سے شروع ہوگیا تھا جب احمد شہزاد ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ان کے بعد دوسرے اوور میں کامران اکمل بھی بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 9 کے مجموعی اسکور پر گری جب چوتھے اوور میں عمر اکمل صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ چھٹے اوور میں شعیب ملک 2 رن بنا کر اسٹمپ ہوئے تو اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور صرف 13 رنز تھا۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو 19 رن بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کے بعد صہیب مقصود اور شاہد آفریدی نے ٹیم کو کچھ سنبھالنے کی کوشش کی لیکن دونوں کھلاڑیوں کے 18، 18 رنز ٹیم کے کسی کام نہ آسکے۔

پاکستانی بلے بازوں کی درگت بنانے میں سیموئل بدری اور سنیل نارائن کا کردار بنیادی رہا جنہوں نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

کرشمار سنتوکی اور آندرے رسل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈین ٹیم کو اننگز کےآغاز ہی سے پاکستانی بالروں کے سامنے مشکل کا سامنا رہا۔ 14 ویں اوور کے اختتام تک ویسٹ انڈیزکے پانچ کھلاڑی 81 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

لیکن پانچ وکٹیں لینے کے بعد 'کالی آندھی' پاکستانی بالرز پر چھا گئی اور ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی اور ڈوانی براوو نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنا کر پاکستان کو ایک مشکل ہدف دینا یقینی بنایا۔

براوو 46 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ سیمی نے 42 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔دونوں کھلاڑیوں نے آخری تین اوورز میں مجموعی طور پر 59 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، سہیل تنویر، ذوالفقار بابر اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کا میچ جیتنے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی جہاں جمعرات کو اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔

دوسرا سیمی فائنل جمعے کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جس کےبعد اتوار کو ڈھاکہ میں ٹورنامنٹ کا فائنل ہوگا۔

پاکستان کو شکست، ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں