واشنگٹن ریاست میں صحت عامہ کے اہل کاروں نے اطلاع دی ہے کہ ہفتے کو امریکہ میں کرونا وائرس کی پہلی مریض ہلاک ہو گئی ہیں۔
ادھر کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد، امریکہ نے ایران کے سفر پر پابندی کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی اٹلی اور جنوبی کوریا کے کچھ علاقوں کے سفر سے متعلق انتباہ جاری کیا ہے۔
نئی پابندیوں کا اعلان امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کیا کہ امریکہ میں 22 افراد نئے کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، جب کہ مزید کیسز سامنے آسکتے ہیں۔
امریکہ کے صحت اور انسانی خدمات کے محکمے کے وزیر، الیکس ازار نے کہا ہے کہ ''ان علاقوں کی جانب جہاں یہ مرض سنگین صورت اختیار کیا گیا ہے، وہاں کا سفر نہیں کرنا چاہیے، یہی بہتر حکمت عملی ہو گی''۔
ہفتے کو امریکہ میں ایک ہلاکت کی اطلاع کے بعد ٹرمپ نے وائرس سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خاتون تھی جن کی عمر 50 کے پیٹے میں تھی۔
تاہم، صدر نے کہا کہ امریکیوں کو زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً 22 نئے افراد ہیں جن میں مرض کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔
اہل کاروں کے مطابق، اب تک امریکہ میں 66 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اس سے قبل، واشنگٹن ریاست کے حکام نے بتایا تھا کہ یہ ہلاکت کنگ کاؤنٹی میں واقع ہوئی۔
ریاست کے گورنر، جے انسلی نے ایک بیان میں کہا کہ ''یہ افسوس ناک دن ہے کہ واشنگٹن سے تعلق رکھنے والا ایک شخص کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو گیا ہے۔ ہم اہل خانہ اور احباب سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ یہ بات یقینی بنائی جا سکے کہ کوئی بھی فرد اس وائرس کی بنا پر ہلاک نہ ہو''۔