ورلڈ پریس فریڈم ڈے منانے کے 30 برس اور وائس آف امریکہ کا عزم

وائس آف امریکہ آزادیٔ صحافت کے عالمی دن کی مناسبت سے دنیا کے مختلف ملکوں سے ایسی آوازیں سامنے لا رہا ہے جہاں آزاد میڈیا تک رسائی مشکل ہے۔

وائس آف امریکہ کی قائم مقام ڈائریکٹر یولینڈا لوپیز نے اس دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ "30 برسوں سے تین مئی کسی بھی صحافی کے کیلنڈر پر سال کے اہم ترین دنوں میں سے ایک رہا ہے۔ وائس آف امریکہ کے لیے بھی یہ دن اُن ناظرین اور سامعین کے لیے مزید آگے بڑھ کر کام کرنے کا دن ہے جو آزاد اور منصفانہ میڈیا کے خواہش مند ہیں۔"

تیس برس قبل اقوامِ متحدہ نے ہر سال تین مئی کو ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔

وائس آف امریکہ کی 48 زبانوں میں نشریات اُن خطوں تک پہنچتی ہیں جہاں آزاد میڈیا تک رسائی مشکل ہے۔

صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کے مطابق دنیا بھر میں70 فی صد ایسے خطے ہیں جہاں آزاد میڈیا تک رسائی مشکل ہے۔

آر ایس ایف امریکہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کلیٹن ویمرز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ "چین اور شمالی کوریا میں تو آزاد میڈیا سرے سے موجود ہی نہیں ہے۔"

Your browser doesn’t support HTML5

صحافیوں کے مالی مسائل؛ 'تنخواہ نہ ملنے پر ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے'

وائس آف امریکہ چین میں اس خلا کو پر کر رہا ہے، جہاں وہ ایسے صارفین تک پہنچتا ہے جو بصورتِ دیگر درست معلومات تک رسائی سے محروم رہتے ہیں۔

وائس آف امریکہ نے چین میں مقامی صحافیوں کی صورتِ حال کا قریب سے احاطہ کیا ہے، یہاں تک کہ ملک میں اس کے اپنے آپریشنز کو محدود کر دیا گیا ہے۔

چینی صحافی ایلن آئی اور ژاؤ لانجیان کو آزادیٔ صحافت کے عالمی دن کے موقع پر وائس آف امریکہ کی خصوصی کوریج میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کوریج میں دنیا کے اُن ممالک سے چنیدہ صحافیوں کے انٹرویوز شامل کیے گئے ہیں، جہاں آزادیٔ صحافت پر قدغنیں لگائی گئی ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں ہونے والی تقریبات کو وائس آف امریکہ بھرپور کوریج دے رہا ہے۔ نیویارک میں آزادیٔ صحافت کے عالمی دن کے موقع پر یونیسکو کے زیرِ اہتمام تقریب میں بھی وائس آف امریکہ کے رپورٹرز موجود ہیں۔

یولینڈا لوپیز کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس اُنہیں یورا گوئے میں یونیسکو کے زیرِ اہتمام ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کا موقع ملا جب کہ اس برس وہ وائس آف امریکہ کے ہیڈکوارٹرز میں اپنی بہترین ٹیم کے ساتھ یہ دن گزار رہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم دنیا کو یہ دکھا رہے ہیں کہ وائس آف امریکہ آزادیٔ صحافت کی مشعلِ راہ کے طور پر دنیا بھر میں روشنی بکھیرتا رہے گا۔