مصر کے صدر حسنی مبارک کے استعفے کےتناظر میں، امریکی فوج کا ایک اعلیٰ ترین عہدے دار اتوار اور پیر کو اسرائیل اور اردن کا دورہ کرکےاِن ممالک کو امریکی حمایت کی یقین دہانی کرائے گا۔
پینٹگان کا کہنا ہے کہ چیرمین جوائنٹ چیفز آف اسٹاف ایڈمرل مائیک ملن اتوار کو عمان میں اردن کے شاہ عبداللہ اور دیگر اردنی عہدےد اروں سے ملاقات کریں گے۔
بعد میں اُسی روز وہ تل ابیب پہنچیں گے جہاں وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو اور صدر شمعون پیریز کے علاوہ اسرائیلی فوج کے سربراہان سے بات چیت کریں گے۔
مصر، اسرائیل کا مضبوط ترین عرب اتحادی رہا ہے، اور اسرائیلی راہنماؤں کو اِس بات کا ڈر ہے کہ لیڈرشپ کی یہ تبدیلی اِن تعلقات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
حالیہ دِنوں میں اردن کا سابقہ اُسی طرح کی بے چینی سے پڑچکا ہے جِس طرح کے احتجاجوں کے ذریعے دونوں مسٹر مبارک اور تیونس کے صدر زین العابدین بن علی کو اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑا۔ بدھ کے روز شاہ عبد اللہ نے ایک نئی حکومت سے حلف لیا جس نے لوگوں کی آزادی میں وسعت دینے اورسیاسی اصلاحات کو جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔