سوڈان : حزب اختلاف کی راہنما مریم المہدی گرفتار

سوڈان : حزب اختلاف کی راہنما مریم المہدی گرفتار

سوڈان کی سیکیورٹی فورسز نے حزب اختلاف کی ایک ممتاز راہنما کو، جو گذشتہ مہینے حراست میں لیے جانے والے مظاہرین کی رہائی کا مطالبہ کررہی تھیں، گرفتار کرلیا ہے۔

دارالحکومت خرطوم میں جمعرات کے روز امہ پارٹی نے کہا کہ پولیس نے مریم المہدی کو گرفتار کرلیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس گروپ میں شامل تھیں جو مظاہرین کی رہائی کے لیے کوششیں کررہاتھا۔

امہ پارٹی کے ایک عہدے دار نے کہا کہ مہدی کو مظاہرین کی رہائی کی اپیل جمع کرانے کے لیے اپنی کار سے اترتے ہی گرفتار کرلیا گیا۔

مریم مہدی ، سوڈانی راہنما صادق المہدی کی بیٹی ہیں جنہیں صدر عمر البشیر نے 1989ء کی بغاوت میں برطرف کردیاتھا۔

مسٹر بشیر کی حکومت ان مظاہرین کی پکڑ دھکڑ کررہی ہے جو تیونس اور مصر کی عوامی تحریکوں سے متاثر ہوکر قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

پچھلے مہینے سوڈان کی سیکیورٹی فورسز نے حزب اختلاف کے ایک ممتاز راہنما حسن الترابی کو ان کے اس بیان کے بعد گرفتار کرلیا تھا جس میں انہوں نے کہاتھا کہ ملکی حالات تیونس جیسے انقلاب کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔

ترابی کی مقبول جماعت کانگریس پارٹی کے مزید آٹھ ارکان بھی حراست میں لیے گئے ہیں۔