امریکی نائب وزیرِ خارجہ جیمز سٹائن برگ چینی حکام سے بات چیت کے لیے آج منگل کے روز بیجنگ پہنچے ہیں۔ اس بات چیت کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ سفارتی کشیدگی کے بعد تعلقات کو بہتر کرنا ہے۔
توقع ہے کہ سٹائن برگ چین کے ساتھ شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں بھی بات کریں گے۔ چین شمالی کوریا کا مضبوط حلیف ہے۔
محکمہٴ خارجہ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے پیر کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو کچھ دھچکے لگے ہیں، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں ملک جلد سے جلد انھیں معمول پر لانا چاہیں گے۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کن گینگ نے منگل کے روز نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین امریکہ تعلقات کی موجودہ صورت کا باعث چین نہیں، بلکہ امریکہ ہے۔