صدر براک اوباما کے ایک سابق اہم مشیر راہم ایمنوئل الیکشن جیت کر امریکہ کے تیسرے سب سے بڑے شہر شکاگو کے میئر بن گئے ہیں۔
وہائٹ ہاؤس کے سابق چیف آف سٹاف راہم ایمنوئل مئی میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ انہوں نے منگل کے روز ہونے والے انتخابات میں 55 فی صد ووٹ حاصل کیے جو ان کے قریبی حریف کے ووٹوں سے دوگنے سے بھی زیادہ ہیں۔
واضح اکثریت حاصل کرنے سے وہ دوسرے مرحلے کے انتخاب میں جانے سے بھی محفوظ ہوگئے ہیں۔
مسٹر اوباما نے ایمنوئل کی کامیابی پر اپنے پیغام میں اسے ایک ایسی جیت قرار دیا ہے جس کے وہ مستحق تھے۔ صدر کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ و ہ شکاگو کے شہریوں کے لیے ایک قابل قدر میئر ثابت ہوں گے۔
انتخابی عہدے داروں کا کہناہے کہ پہلے مرحلے کے اس انتخاب میں ووٹ ڈالنے کی شرح گذشتہ ان کی توقع سے کم تھی ۔
51 سالہ ایمنوئل اپنے مخصوص انداز کی وجہ سے اپنے ووٹروں کے حلقے میں بہت مقبول ہیں۔