واشنگٹن ’کار چیز‘: خاتون ہلاک، ایک اہل کار زخمی

پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ خاتون نے وائٹ ہاؤس کے سامنے سکیورٹی کی باڑ کو توڑا اور رکنے کے اشارے کے باوجود، وہ قریبی سڑکوں کی طرف بھاگ نکلیں، جس پر اُن کی کار کا تعاقب کیا گیا
جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے سامنے ایک خاتون نے سکیورٹی باڑ توڑا، اور پھر پولیس کے اشارے کے باوجود نہ رکنے پر ڈرامائی کار چیز کا واقع پیش آیا۔ اُنھیں امریکی ایوان نمائندگان کی عمارت کے سامنے پولیس کی گولی لگی، جس سے وہ فوت ہوگئیں۔

واشنگٹن پولیس کی سربراہ، کیتھی لینئر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پولیس نے واقع میں ملوث خاتون کی گاڑی پر گولی چلائی جس سے وہ ہلاک ہوئیں۔ لینئر نے بتایا کہ جمعرات کی شام کو ہونے والے اس واقعے میں، کم از کم دو مقامات پر گولیاں چلیں۔

کیپیٹل پولیس کے سربراہ، کِم دائین نے بتایا کہ معلوم ہوتا ہے کہ اس واقع کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں لگتا۔

اُنھوں نے کہا کہ زخمی ہونے والے پولیس افسر کی صحت بحال ہو رہی ہے؛ جب کہ ایک اہل کار نے تعاقب کی جانے والی کار میں سے ایک سالہ بچے کو بحفاظت نکال لیا ہے۔


پولیس نے بتایا ہے کہ ’کار چیز‘ کے دوران، خاتون کی گاڑی پولیس کار سے جا ٹکرائی، جس واقع میں ایک اہل کار زخمی ہوا، جنھیں بعد میں جائے واردات سے طبی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے کار چلانے والی خاتون کے اصل مقاصد کے بارے میں کوئی بیان دینے سے انکار کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ اِس معاملے میں تفتیش جاری ہے۔

جب تک صورتِ حال واضح نہیں ہوئی، امریکی ایوان نمائندگان کی عمارت کے سامنے سکیورٹی کے حصار کو سخت کر دیا گیا۔ تاہم، عمارت کے اندر موجود قانون سازوں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔

اس سے قبل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایک اِی میل کے ذریعے پولیس حکام نے ایوانِ نمائندگان کی عمارت میں اراکین کے دفاتر میں موجود افراد کو مشورہ دیا کہ دروازے بند رکھے جائیں، تالے لگالیں، لیکن بیرونی دروازوں اور کھڑکیوں سے دور رہیں۔

’وائس آف امریکہ‘ کی کانگریس سے متعلق نامہ نگار نے بتایا ہے کہ کچھ ارکان کانگریس، ایوان کے چیمبر کے اندر موجود تھے۔