امریکی ایتھلیٹ ڈیلائیلا محمد کا 400 میٹر ریس میں عالمی ریکارڈ

ڈیلائیلا محمد نے 16 سال پرانا ریکارڈ اتوار کو امریکہ کی ایک چیمپیئن شپ کے دوران توڑا۔

ڈیلائیلا محمد سے پہلے یہ ریکارڈ روس کی خاتون ایتھلیٹ یولیا کے نام تھا جنہوں نے 2003 میں 400 میٹر کی ’ہرڈل ریس‘ 52.34 سیکنڈز میں جیت کر ریکارڈ بنایا تھا۔

ریس جیتنے کے بعد 29 سالہ ڈیلائیلا محمد نے کہا کہ انہیں خود یقین نہیں آ رہا ہے کہ انہوں نے نیا عالمی ریکارڈ بنا کر یہ مقابلہ جیتا ہے۔

اس مقابلے سے صرف دو ہفتے قبل ڈیلائیلا محمد ٹریننگ کرتے ہوئے گِر کر زخمی ہو گئی تھیں۔ وہ تین دن ٹریننگ میں حصہ بھی نہیں لے سکی تھیں۔

ڈیلائیلا محمد اس سے قبل 2016 کے اولمپک مقابلوں میں سونے کا تمغہ بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔

عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد ڈیلائیلا کا کہنا تھا کہ 52 سیکنڈز کا یہ ریکارڈ کبھی نہ کبھی تو ٹوٹنا تھا۔ اگر میں نہ ہوتی تو یہ ریکارڈ کسی اور خاتون ایتھلیٹ کے نام ہوسکتا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ڈیلائیلا نے جب 2016 میں سونے کا تمغہ جیتا تھا تو اس وقت میدان میں بارش ہو رہی تھی۔ اتوار کو جب انہوں نے عالمی ریکارڈ بنایا تب بھی میدان میں بارش ہوئی۔ ڈیلائیلا کی حریف کھلاڑی ایشلی نے انہیں کہا کہ "یہ تم ہی ہو جو بارش لے آتی ہو۔"

ڈیلائیلا محمد کے ساتھ مقابلے میں رنر اپ سڈنی مِکلاگ لِن اور تیسرے نمبر پر آنے والی ایشلی اسپینسر نے ڈیلائیلا محمد کو نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر گلے لگا کر مبارک باد دی جب کہ ان کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں۔