چاند پر قدم رکھنے والے خلاباز ایڈگر مچل انتقال کر گئے

ایڈگر مچل (فائل فوٹو)

ایڈگر مچل نے 1966ء میں خلائی تحقیق کے امریکی ادارے "ناسا" میں شمولیت اختیار کی اور 1969ء میں چاند کے لیے بھیجے گئے پہلے مشن کی تیاری میں معاونت فراہم کی۔

چاند پر جانے والے دنیا کے چھٹے خلاباز ایڈگر مچل انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 85 برس تھی۔

ان کے خاندان نے بتایا کہ ایڈگر مختصر علالت کے باعث فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں جمعرات کو دیر گئے ان کا انتقال ہو گیا۔

ایڈگر دنیا کے ان صرف 12 لوگوں میں سے ایک تھے جنہوں نے چاند پر قدم رکھا۔

انھوں نے 1966ء میں خلائی تحقیق کے امریکی ادارے "ناسا" میں شمولیت اختیار کی اور 1969ء میں چاند کے لیے بھیجے گئے پہلے مشن کی تیاری میں معاونت فراہم کی۔

ایڈگراپالو 14 کے اولین عملے میں شامل تھے جس نے چاند پر پہنچنے کی کوشش کی۔ اس سے قبل اپالو 13 کے خلا باز اس وقت موت کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئے تھے جب ان کی خلائی گاڑی میں موجود آکسیجن ٹینک دھماکے سے پھٹ گیا۔

ایڈگر کو بھی اس مشن پر روانہ ہونا تھا لیکن ان کی باری 1971ء میں اپالو 14 کے مشن پر آئی۔

خلائی تحقیق کے ادارے کو 1972ء میں خیرباد کہنے کے بعد ایڈگر نے اپنی باقی زندگی شعور، قابل تشریح تصورات اور اس بارے میں تحقیق پر صرف کہ آیا ایلین (خلائی مخلوق) وجود رکھتی ہے یا نہیں۔