یوکرین کا روس نواز باغیوں کے خلاف فوجی آپریشن کا اعلان

انٹرنیٹ پر جاری ایک پیغام میں صدر پوروشنکو کا کہنا تھا کہ ان کا یہ فیصلہ "ان دہشت گردوں، باغیوں اور لٹیروں کے جواب میں ہے جو خطے کی اقتصادیات کو مفلوج کر رہے ہیں۔"

یوکرین کی پارلیمنٹ کے اسپیکر الیگزینڈر ٹرچینوف نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی فورسز نے روس نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف نیا فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔

ٹرچینوف نے یہ بات منگل کو پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران کہی جبکہ اس سے قبل صدر پیٹرو پوروشنکو نے مشرقی علاقے میں دس روزہ یکطرفہ جنگ بندی میں توسیع نہ کرتے ہوئے روس نواز باغیوں کے خلاف کارروائیوں کا عزم ظاہر کیا اور کہا تھا کہ " ہم اپنا خطہ آزاد کروائیں گے"۔

منگل کو انٹرنیٹ پر جاری ایک پیغام میں پوروشنکو کا کہنا تھا کہ ان کا یہ فیصلہ "ان دہشت گردوں، باغیوں اور لٹیروں کے جواب میں ہے جو خطے کی اقتصادیات کو مفلوج کر رہے ہیں۔"

کچھ ہی دیر بعد انھوں نے یہی پیغام ٹی وی پر اپنے خطاب میں بھی دہرایا۔ کیئف کی انٹرفیکس۔یوکرین نیوز ایجنسی نے علیحدگی پسندوں کے حوالے سے خبر دی لڑائی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔

جنگ بندی کے معاہدے کی معیاد پیر کی رات ختم ہوئی۔ اس معاہدے کا مقصد علیحدگی پسندوں کو غیر مسلح ہونے کا موقع فراہم کرنا اور وسیع پیمانے پر مذاکرات کے ذریعے عام معافی اور علاقے میں نئے انتخابات کی راہ ہموار کرنا تھا۔

لیکن باغیوں نے ہتھیار نہیں پھینکے اور 20 جون سے کیئف نے اعلان کردہ جنگ بندی کے دوران متعدد بار اس کی خلاف ورزی کی شکایت بھی کی۔

پوروشنکو پہلے ہی اس میں سات سے دس دن کی توسیع کر چکے تھے جس کا مقصد روس کی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں اس کشیدگی اور لڑائی کو ختم کرنے میں مدد دینا تھا جس میں اپریل سے اب تک چار سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

قبل ازیں پیر کو روس کے صدر ولادیمر پوٹن، جرمنی کی چانسلر انگیلا مرخیل اور فرانس کے صدر فرانسواں اولاں اور یوکرین کے صدر نے آپس میں کانفرنس کال کے ذریعے گفتگو کی تھی۔

فرانس کے صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ چاروں قائدین نے یوکرین کی حکومت کے نمائندوں اور علیحدگی پسندوں کے درمیان بات چیت کے ایک تیسرے دور کی حمایت کی۔

جنگ بندی کے باوجود بھی مشرقی یوکرین میں لڑائی جاری رہی جہاں علیحدگی پسند یوکرین کی فورسز کے خلاف مسلح مزاحمت کرتے آرہے ہیں۔

اسی دوران روس کے سرکاری ٹی وی نے پیر کو خبر دی کہ مشرقی یوکرین کے علاقے ڈونٹسک سے رپورٹنگ کرنے والا اس کا ایک کیمرہ مین ہلاک ہو گیا۔