برطانیہ کے نرسنگ ہومز میں کرونا وائرس سے 4 ہزار اموات

برطانیہ نے کرونا وائرس سے متعلق ڈیٹا میں ان ہزاروں افراد کو شامل کر لیا ہے جن کی اموات نرسنگ ہومز میں ہوئی ہیں۔ ادھر برازیل میں 2 دن میں 900 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یوں، دنیا بھر میں عالمگیر وبا سے ہلاکتوں کی تعداد سوا دو لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، بدھ تک دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 32 لاکھ اور اموات 2 لاکھ 27 ہزار سے بڑھ گئی تھی جبکہ 10 لاکھ افراد صحت یاب ہوچکے تھے۔

24 گھنٹوں کے دوران اسپین میں 453، فرانس میں 427، برازیل میں 405، اٹلی میں 323، بیلجیم میں 175، نیدرلینڈز میں 145، میکسیکو میں 135، کینیڈا میں 125، سویڈن میں 107 اور روس میں 105 مریض چل بسے۔ ترکی میں 89، پرو میں بھی 89، جرمنی میں 85، ایران میں 81 اور بھارت میں 71 ہلاکتیں ہوئیں۔

برطانیہ میں بدھ کو 4419 اموات کو مجموعی تعداد میں شامل کیا گیا جن میں 3811 وہ تھیں جو وبا کے آغاز سے اب تک نرسنگ ہوم میں ہوئیں۔ اس طرح برطانیہ میں اموات کی تعداد اسپین اور فرانس سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔

امریکہ میں بدھ کی شام تک 1846 افراد ہلاک ہوچکے تھے جس کے بعد کل تعداد 61 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ ملک میں کرونا وائرس کے 61 لاکھ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں سے 10 لاکھ 55 ہزار مثبت آئے ہیں۔

امریکہ کی اب 13 ریاستوں میں اموات کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ نیویارک میں 23474، نیوجرسی میں 6770، مشی گن میں 3670، میساچوسیٹس میں 3405، الی نوئے میں 2215، پینسلوانیا میں 2195 اور کنیٹی کٹ میں 2089 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایک ہزار سے زیادہ اموات والی دیگر ریاستوں میں کیلی فورنیا، فلوریڈا، جارجیا، میری لینڈ اور انڈیانا شامل ہیں۔

امریکہ کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 27682 ہے۔ برطانیہ میں 26097، اسپین میں 24275، فرانس میں 24087، بیلجیم میں 7501، جرمنی میں 6399، ایران میں 5957 اور برازیل میں 5466 اموات ہوچکی ہیں۔

چین اور نیدرلینڈز میں ساڑھے چار ہزار، ترکی اور کینیڈا میں لگ بھگ تین ہزار، سویڈن میں ڈھائی ہزار، سوئزرلینڈ اور میکسیکو میں ڈیڑھ ہزار اور بھارت میں ایک ہزار سے کچھ زیادہ مریض دم توڑ چکے ہیں۔

اسپین میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار، اٹلی میں 2 لاکھ 3 ہزار، فرانس میں ایک لاکھ 66 ہزار، برطانیہ میں ایک لاکھ 65 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ 61 ہزار اور ترکی میں ایک لاکھ 17 ہزار ہے۔ روس میں 33 لاکھ ٹیسٹ مکمل ہوگئے ہیں جن میں سے 99 ہزار سے زیادہ مثبت آئے ہیں۔

اب تک دنیا بھر میں 10 لاکھ مریض کرونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ان میں امریکہ کے ایک لاکھ 44 ہزار، اسپین کے ایک لاکھ 32 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 20 ہزار، چین کے 77 ہزار، ایران کے 73 ہزار اور اٹلی کے 71 ہزار شہری شامل ہیں۔