پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع ڈیرہ غازی خان میں آپریشن ’ردالفساد‘ کے تحت انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں دو مشتبہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کی گئی۔
جمعے کو جاری بیان میں آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق کارروائی پنجاب رینجرز نے کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ’’دو دہشت گرد مارے گئے‘‘ جو ایک مذہبی تقریب پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
مارے جانے والے مشتبہ دہشت گردوں یا اس کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں رواں سال فروری سے آپریشن ’ردالفساد‘ کے تحت آپریشنز جاری ہیں اور صوبہ پنجاب میں مشتبہ شدت پسندوں کے خلاف رینجرز بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس سے قبل پشاور میں جمعرات کی شام نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کر تین اہلکاروں کا ہلاک کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جب کہ اُس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پاکستان میں اگرچہ کے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن شدت پسند ملک کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو ہدف بناتے رہتے ہیں۔