نئے سال کے پانچ ہفتوں میں 12 پولیو کیسز کی تصدیق

فائل فوٹو

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو سے مزید دو بچوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد 2020 میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں دو بچوں میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد رواں سال کے پانچ ہفتوں میں صوبے میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ متاثرہ بچوں کا تعلق ضلع لکی مروت کے دو مختلف علاقوں سے ہے جب کہ صوبے میں رواں سال پہلا پولیو کیس بھی ضلع لکی مروت سے سامنے آیا تھا۔

حکام کے مطابق تحصیل بیٹھانی کے 18 ماہ کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے ٹیسٹ 22 جنوری کو لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔

لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کی 9 ماہ کی بچی میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے ٹیسٹ 23 جنوری کو لیبارٹری بھیجے گئے تھے جہاں پولیو کی تصدیق ہوئی۔

دو نئے کیسز کے بعد صوبے میں رواں سال رپورٹ آنے والے کیسز کی تعداد 6 ہوگئی ہے جب کہ پاکستان بھر میں کل 12 کیسز اب تک سامنے آچکے ہیں۔ جن میں سے پولیو کے پانچ کیسز سندھ اور ایک کیس بلوچستان میں رجسٹر کیا گیا ہے۔

گزشتہ سال جنوری سے دسمبر 2019 میں ملک بھر میں پولیو سے 136 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔

ان میں سے 92 کیسز کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا جن میں سے 32 کا تعلق جنوبی ضلع لکی مروت سے تھا۔