افغانستان: گولیاں چلنے کا واقعہ، نیٹو کے دو فوجی ہلاک

فوجی اتحاد کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان اور اتحادی عہدے داروں نے اِس واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے ۔ تاہم، مزید تفصیل نہیں بتائی گئیں جب کہ ہلاک شدہ فوجیوں کی قومیت بھی ظاہر نہیں کی گئی

نیٹو کے فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز جنوبی افغانستان میں اتحاد کے دو فوجی اُس وقت ہلاک ہوئے جب مقامی افواج کی وردی میں ملبوس دو افراد نے ایک فوجی احاطے میں گولیاں چلادیں۔

کابل میں بین الاقوامی 'رزولوٹ سپورٹ مشن' کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اُس کے ارکان نے فائر کا جواب دیا جس میں گولیاں چلانے والوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان اور اتحادی عہدے داروں نے اِس واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے ۔ تاہم، مزید تفصیل نہیں بتائی گئیں جب کہ ہلاک شدہ فوجیوں کی قومیت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔

نیٹو کی سربراہی والے غیر لڑاکا مشن میں تقریبا ً 13000 فوجی شامل ہیں، جن میں زیادہ تعداد امریکیوں کی ہے، جو افغان قومی دفاعی اور سلامتی افواج کو تربیت فراہم کرتے ہیں، جنھیں 'اے این ڈی ایس ایف' کے نام سے جانا جاتا ہے، جو جنوری 2015سے تعینات ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ''ہم تربیت، مشاورت اور اے این ڈی ایس ایف کی اعانت کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، اور ہم اس واقعے کو ہمارے افواج کے درمیان مثبت نوعیت کے مراسم کا غماز نہیں گردانتے''۔

دریں اثنا، ایسو سی ایٹڈ پریس نے رومانیا کی وزارتِ دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اُن کے دو فوجی ہلاک جب کہ دیگر زخمی ہوئے ہیں، جب ہفتے کی صبح قندھار کے جنوبی شہر کے قریب افغان فوجیوں کی تربیت کا کام جاری تھا۔

وزارت نے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے، اور اُنھیں طبی امداد کے لیے جرمنی منتقل کیا جارہا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان میں رومانیا کے 631 فوجی تعینات ہیں۔