پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں ٹی وی امپائر کے پاس اوور اسٹیپنگ کی صورت میں نو بال دینے کا اختیار ہو گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بدھ کو مدِ مقابل ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ٹی وی امپائر کے پاس اوور اسٹیپنگ پر نو بال کا اختیار ہو گا۔ اس سے قبل فیلڈ امپائر ہی یہ اختیار استعمال کرتے آئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی رضا مندی کے بعد ہی آزمائشی بنیاد پر ٹی وی امپائر کو اوور اسٹیپنگ پر نو بال دینے کا اختیار دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی وی امپائر ٹیکنالوجی کی مدد سے بالر کے کریز سے پاؤں آگے ہونے یا نہ ہونے کا جائزہ لیں گے۔
آئی سی سی کا اپنے ایک ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ٹی وی امپائر جس ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے اس کا جائزہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے دوران لیا جائے گا جس کے بعد ہی اس کے مستقبل میں استعمال سے متعلق کوئی فیصلہ ہو گا۔
یاد رہے کہ 2018 میں انگلینڈ کے دورۂ سری لنکا کے دوران کمنٹیٹرز نے تقریباً 12 ایسی گیندوں کی نشاندہی کی تھی جس میں بالرز کا پاؤں کریز سے آگے تھا اور امپائر ان نو بال کو پکڑنے میں ناکام رہے تھے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ اوور اسٹیپنگ پر نو بال کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ اس سے قبل بلے باز کے آؤٹ ہونے یا نہ ہونے کے لیے ہوٹ اسپاٹ اور ہاک آئی جیسی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا رہا ہے۔