ترکیہ:13 برس میں پہلی بار عرب لیگ کانفرنس میں شرکت

ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان منگل کو قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

  • ترک وزیر خارجہ حقان فیدان منگل کو عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
  • غزہ جنگ میں ترکیہ فلسطینیوں کی حمایت کر رہا ہے اور یہ جنگ ترکیہ اور عرب لیگ کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔
  • ترکیہ اور عرب لیگ غزہ جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
  • صدر ایردوان نے حال ہی میں اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم سے خبردار کرتے ہوئے اسلامی ملکوں کے اتحاد پر زور دیا تھا۔

ترکیہ 13 برسوں میں پہلی بار منگل کو غزہ جنگ پر قاہرہ میں ہونے والے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے۔ یہ بات ایک سفارتی ذریعے نے پیر کے روز رائٹرز کو بتائی۔

ترکیہ اگرچہ غزہ میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی مذمت کر چکا ہے اور وہ عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل پر فلسطینیوں کے قتل عام کے الزامات کے مقدمے میں شامل ہونے کے لیے آگے بڑھا ہے لیکن حالیہ برسوں میں عرب لیگ کے ساتھ اس کے تعلقات نمایاں طور پر کشیدہ رہے ہیں۔

انقرہ نے مصر، متحدہ امارات اور سعودی عرب کے ساتھ طویل عرصے سے جاری خراب تعلقات کو بہتر بنایا ہے لیکن اس کے باوجود شام سمیت عرب لیگ کے دیگر ارکان کے ساتھ اس کے اختلافات بدستور موجود ہیں۔

SEE ALSO: فلسطینیوں کی مدد؛ ترک صدر ایردوان کی اسرائیل میں داخل ہونے کی دھمکی

غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد ترکیہ نے جنگ ختم کرانے کے لیے عرب لیگ اور اسلامی ممالک کے درمیان تعاون کی تنظیم آرگنائزیشن اسلامک کو آپریشن (OIC) میں بنائے گئے مشترکہ رابطہ گروپ میں شمولیت کی ہے۔

ترک ذریعے نے بتایا کہ وزیر خارجہ حقان فیدان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت عرب لیگ کے ارکان کے ساتھ بہتر ہوئے تعلقات اور خطے کی علاقائی صورت حال میں ترکیہ کی جانب سے کردار ادا کرنے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔

سفارتی ذریعے کا مزید کہنا تھا کہ انقرہ، اسلامی گروپ کے ساتھ ادارہ جاتی روابط اور تعاون میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عرب لیگ کے ارکان کے ساتھ ترکیہ کے تعلقات ’ موجودہ علاقائی مسائل کے حل اور مستقبل میں ٹھوس اور پائیدار تعاون کے فروغ میں مدد دے سکتے ہیں۔‘

SEE ALSO: ترکیہ اور عرب ممالک کا عالمی عدالت میں  اسرائیلی قبضے کو غیرقانونی قرار دینے کا مطالبہ

انقرہ اور گلف کوآپریشن کونسل(GCC) کے درمیان اس سال کے آخر تک آزاد تجارت کا معاہدہ طے پانے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

صدر رجب طیب ایردکان نے ہفتے کے روز ا سرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم سے خبردار کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد پر زور دیا تھا۔

ترکیہ نے 2011 میں آخری بار شرکت کی تھی اور طیب ایردگان نے، جو اس وقت وزیراعظم تھے، اور گروپ کے وزراء کے اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

(اس رپورٹ کی تفصیلات رائٹرز سے لی گئیں ہیں)