|
ویب ڈیسک —امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فارن سروس میں اصلاحات کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے۔
بدھ کو جاری کیے گئے صدارتی حکم نامے میں وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسی اصلاحات لائیں جس سے فارن پالیسی کے ایجنڈے کا مؤثر انداز میں نفاذ ہو سکے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ حکم نامہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تبدیلیاں کر رہیں کہ امریکہ کی خارجہ پالیسی ان کے 'امریکہ فرسٹ' ایجنڈے کے مطابق ہو۔
صدارتی حکم نامے کے مطابق وزیرِ خارجہ قانون کے مطابق فارن سروس اور بین الاقوامی تعلقات سے متعلق انتظامیہ میں اصلاحات کریں گے تاکہ صدر کے فارن پالیسی ایجنڈے پر فرض شناسی اور مؤثر انداز میں عمل ہو۔
صدارتی حکم نامے کے مطابق امریکی صدر کے ایجنڈے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام عہدوں سے فارغ بھی ہو سکتے ہیں۔
ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق وزیرِ خارجہ پالیسی کے مؤثر نفاذ کے لیے 'محبِ وطن افراد' کی ایک غیر معمولی تعداد کو ساتھ رکھیں۔
SEE ALSO: چین کے خدشات کے باعث گرین لینڈ اور پاناما کینال میں ٹرمپ کی دلچسپی جائز ہے: روبیوایگزیکٹو آرڈر کے مطابق وزیرِ خارجہ فارن سروس انسٹی ٹیوٹ میں جاری پروگرامات کی اصلاح کر سکتے ہیں جب کہ انہیں فارن افیئر سے متعلق مینوئل میں ترمیم یا تبدیلی کا بھی اختیار حاصل ہوگا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکہ کی غیر ملکی امداد منجمد کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ اس کو 'امریکہ فرسٹ' کی پالیسی کے تابع کیا جا سکے۔
اس رپورٹ میں شامل معلومات خبر رساں ادارے رائٹرز سے لی گئی ہیں۔