ویب ڈیسک —
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت کے دورے میں بہت بڑی ریلی میں شرکت، تاج محل کا دورہ اور کاروباری شخصیات اور وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقاتیں ان کے لیے سیکھنے کا شاندار تجربہ تھا۔
ٹرمپ کا 36 گھنٹے کا دورہ منگل کی شام نئی دہلی کے صدارتی محل میں سرکاری ضیافت پر مکمل ہوا جس میں وہ مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
عشائیے میں شرکت سے پہلے صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے تاریخی محل دیکھا۔ ان کا بھارتی حکام کے ایک وفد سے تعارف کرایا گیا۔
ضیافت میں گوشت کی ڈش موجود نہیں تھی۔ صدر ٹرمپ کے لیے کہا جاتا ہے کہ وہ سیخ کباب یا گوشت کا ہیمبرگر پسند کرتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت ان کے لیے انتہائی خاص اہمیت کا حامل ہے۔ جب سے وہ صدر بنے ہیں، انہوں نے وزیراعظم مودی کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے ہیں۔