تحریک لبیک کی ریلی سوہاوہ پہنچ گئی

تحریک لبیک کی قیادت میں داتا دربار سے شروع ہونے والا مذہبی جماعتوں کا لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے۔ پولیس نے ریلی کو دارالحکومت پہنچنے سے روکنے کے لیے کنٹینر لگا کر جی ٹی روڈ مختلف مقامات سے بند کر دی۔ تاہم، ریلی کے شرکا تمام رکاوٹوں کو ہٹاتے ہوئے جی ٹی روڈ پر سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلہ کے خلاف تحریک لبیک کی قیادت میں لاہور سے نکلنے والا لانگ مارچ سوہاوہ تک پہنچ چکا ہے۔

تحریک لبیک نے اعلان کیا ہے کہ قافلہ اسلام آباد پہنچ کر توہین آمیز خاکوں کے خلاف دھرنا دے گا۔ دینی جماعتوں کے مارچ کی قیادت تحریک لبیک پاکستان کے امیر خادم حسین رضوی کر رہے ہیں۔

لانگ مارچ میں انجمن تاجران اور دینی جماعتوں کے سیکڑوں افراد بھی شریک ہیں، جگہ جگہ قافلے کا استقبال کیا جا رہا ہے۔ شرکاء نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں جن پر ہالینڈ کے خلاف نعرے درج ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرکے ان کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی تعلقات ختم کرے۔

مقررین کا کہنا ہے کہ ’’ہالینڈ میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ملعون افراد دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں‘‘؛ اور یہ کہ ’’یہ مقابلے کروانے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں‘‘۔

دوسری جانب ریلی کو روکنے کے لئے پولیس نے کنٹینر لگا کر جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے بند کردی ہے جس کے نتیجے میں لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جہلم میں دریائے جہلم پر خاردار تاریں اور مٹی کے ڈھیر رکھ کر راستے کو روکا گیا لیکن ریلی کے شرکا نے رکاوٹوں کو اٹھا کر دریائے جہلم میں پھینک دیا اور سفر جاری رکھا۔

اسلام آباد میں بھی ریڈ زون کو محفوظ بنانے کے لئے کنٹینر پہنچا دیئے گئے ہیں۔ ریلی کے منتظمین سے پہلے مذاکرات کرکے انہیں دھرنا دینے سے روکا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے تین رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وزیر مذہبی امور نورالحق قادری شامل ہیں۔ یہ افراد اس وقت گوجر خان میں موجود ہیں جہاں وہ ریلی سے مذاکرات کی کوشش کریں گے۔ تاہم، اس سے قبل تحریک لبیک نے لاہور میں وزیر قانون راجہ بشارت سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

تحریک لبیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت فوری طور پر نیدرلینڈ کے سفیر کو ملک سے بے دخل کرے اور سفارتی تعلقات ختم کرے۔

رواں سال جون میں ہالینڈ کی اسلام مخالف جماعت ’فریڈم پارٹی آف ڈچ‘ کے متنازع رہنما گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا ہے۔ پاکستان نے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔

تحریک لبیک پاکستان اس سے قبل گذشتہ سال الیکشن فارم میں تبدیلی پر تحریک لبیک نےاسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر تین ہفتوں تک دھرنا دیا تھا جو بعد ازاں فوج کی مداخلت پر ختم ہوا تھا۔