تھائی لینڈ کے ایک اسپتال میں نومولود بچوں کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے خصوصی حفاظت کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر نومولود بچوں کے چہرے پر خصوصی شیلڈ لگائی جا رہی ہے۔
اسپتال کے عملے کی جانب سے بھی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہیں جن میں نوزائیدہ بچوں کے چہروں پر شیشے کی طرح شفاف شیلڈ یا ماسک پہنائے گئے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کمسن افراد اور بزرگوں کو جلدی متاثر کرتا ہے اس لیے اُنہیں اس وائرس سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات لازم ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق نومولود بچوں کو حفاظتی شیلڈ پہنانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ انہیں کرونا وائرس سے محفوظ رکھا جائے۔
کچھ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حفاظتی ماسک پہنے طبی عملہ بچوں کو شیلڈ پہنا رہا ہے۔
خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں حکام نے سرکاری طور پر کرونا وائرس کے 2400 سے زائد کیسز کی تصدیق کی ہے جب کہ اس وبا سے 32 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے حاملہ خواتین اور وہ مائیں بھی متاثر ہوئی ہیں جن کی حالیہ ہفتوں میں اولاد ہوئی تھی۔
طبی ماہرین حاملہ خواتین کا خاص طور پر مشاہدہ کر رہے ہیں کہ اس وبا کا ان کی صحت پر کیا اثر ہو رہا ہے۔
اب تک یہ واضح نہیں کہ وہ حاملہ خواتین جن کو کرونا وائرس ہوا ہو ان کے بچوں پر اس کا اثر پڑے گا یا نہیں۔